Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی جنین کیمپ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت

جی سی سی کا کہنا ہے فلسطینی عوام کو ضروری تحفظ فراہم کرنا ہوگا( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے جنین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
یاد رہے کہ فسطین کے محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جینن میں چھاپہ مارا جس کے بعد فائرنگ سے کم از کم چھ فلسطینی ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق  سعودی دفتر خارجہ نے بدھ بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خطرناک خلاف ورزیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے‘۔
 
دفتر خارجہ نے ہلاک ہونے والوں کے اعزہ، فلسطینی عوام اور حکومت سے دلی رنج و غم  کا اظہاراور زخمیوں کی فوری شفا کی خواہش ظاہر کی۔
خلیجی تعاون کونسل( جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل نے ایک بیان میں مغربی کنارے کے جنین کیمپ میں اسرائیلی کارروائی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ’ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات روکنے کے لیے عالمی برادری کو ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔ اسرائیل جو کچھ کررہا ہے۔ وہ مسئلہ فلسطین پر عالمی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ فلسطینی عوام کو ضروری تحفظ فراہم کرنا ہوگا‘۔
انہوں نے مشرق وسطی امن عمل کو آگے بڑھانے کےلیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ’مسئلہ فلسطین عربوں اور مسلمانوں کا پہلا مسئلہ ہے۔ جی سی سی ممالک کا فلسطینی کاز سے متعلق موقف غیر متزلزل ہے اور رہے گا‘۔
’خلیجی ممالک چار جون 1967 کی سرحدوں کے دائرے میں خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس کو اس کا دارلحکومت بنانے کے حامی ہیں‘۔

شیئر: