Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ زلمی نے گلیڈی ایٹرز کو 241 رنز کا ٹارگٹ دیا جو کوئٹہ نے 18.2 اوورز میں پورا کر لیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا ہے جو 243 رنز ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 241 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 41 رنز پر گری۔ مارٹن گپٹل 21 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد ول سمیڈ نے 22 گیندوں پر 26 رنز بنائے جس کے بعد وہ مجیب الرحمن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
جیسن روئے نے پانچ چھکوں اور 20 چوکوں کے علاوہ 63 گیندوں پر 145 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کے اوپنرز کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے 162 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 14 ویں اوور تک زلمی کی کوئی وکٹ نہ گرا سکی۔
صائم ایوب نے پانچ چھکوں اور چھ چوکوں کے علاوہ 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان بابر اعظم نے 65 گیندوں پر تین چھکوں اور 15 چوکوں کے علاوہ 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے بعد وہ رن آؤٹ ہو گئے۔
پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو پشاور زلمی آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اس نے کُل سات میچ کھیلے جن میں سے چار جیتے اور تین میں ہار ہوئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ آخری پوزیشن پر ہے۔ اس نے کُل آٹھ میچ کھلیے جن میں سے دو میں جیت ہوئی اور چھ ہارے۔
اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ کھیلا گیا اور جو پشاور زلمی نے جیتا۔
20 فروری کو کھیلے گئے میچ میں  پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چار وکٹوں سے شکست دی۔

شیئر: