Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جیسن روئے اُڑ رہے ہیں‘، بابر اعظم کی سینچری کے بعد کوئٹہ کی بے رحمانہ بیٹنگ

جیسن روئے سے قبل بابر اعظم نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سینچری بنائی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے 25 ویں میچ میں بیٹرز کا راج دیکھنے میں آیا۔
بدھ کے روز راولپنڈی میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہائی سکورنگ میچ میں دونوں ٹیموں کے بیٹرز نے خوب رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 65 گیندوں پر 115 رنز کر کے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سینچری بنا ڈالی۔
یہ سینچری بابر اعظم کی تمام طرز کی ٹی20 کرکٹ میں آٹھویں سینچری تھی۔
پشاور زلمی کی جانب سے 241 رنز کے ہدف کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بیٹر جیسن روئے بولرز پر ٹُوٹ پڑے۔
جیسن روئے نے 40 گیندوں پر 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنا کر پی ایس ایل کی تاریخ کی دوسری تیز ترین سینچری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی شام بولرز کے لیے تو بھیانک ثابت ہوئی تاہم سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شائقین نے چھکوں اور چوکوں کی برسات کو خوب انجوئے کیا۔
فہد نے بابر اعظم کی بیٹنگ کی صلاحیت کے بارے میں تبصرہ کیا کہ ’بابر اعظم ایک جنونی آدمی ہیں۔ ان کی صلاحیت بہت اُونچی ہے۔ وہ ہمیشہ تنقید کا جواب ایک شاندار سینچری سے دیتے ہیں۔‘
احمد نے بابر اعظم کی سینچری کی منظر کشی کرتے ہوئے لکھا کہ ’کور ڈرائیو سے اس کی سینچری بنی، پھر وہ چیخا، پھر اس نے بلے کو چُوما اور پھر سجدہ کیا۔ خوب صورت بابر اعظم۔‘
ٹوئٹر ہینڈل چینج آف پیس نے لکھا کہ ’آپ کنگ کے لیے آئے ہیں تو بہتر ہے کہ اسے دیکھے بغیر مت جائیں۔ یہ ان کی پاکستان سپر لیگ کی کئی سینچریوں میں سے ایک ہے۔‘
 جیسن روئے کے بارے میں جانز نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’کیا شاندار اننگز ہے۔ کیا شاندار سینچری ہے، 241 کے ہدف کے تعاقب میں جیسن روئے نے 44 گیندوں پر 100 رنز بنا دیے۔ پی ایس ایل کی تاریخ کی عمدہ ترین اننگز۔‘
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو نے لکھا کہ ’جیسن روئے اُڑ رہے ہیں۔‘
سید حسان نے دلچسپ انداز میں ٹویٹ کی کہ ’یہ جیسن روئے کی ایک بے رحمانہ اننگز ہے۔ واہ یار، شاندار بیٹنگ، جیسے وہ ویڈیو گیم کھیل رہے ہوں۔‘
انگلش صحافی ٹِم وِگمور نے جیسن روئے کی تعریف کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’جیسن روئے کی پی ایس ایل کی 44 گیندوں پر بے رحمانہ سینچری، یہ ایک اور مُثبت پہلو ہے کہ وہ 2022 میں بری فارم کے بعد اپنی بہترین فارم میں واپس آگئے ہیں۔‘
’جیسن روئے کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کی بیٹنگ میں کتنے بیٹرز ہیں۔‘
 

شیئر: