Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بابر کی ڈرائیوز کے لیے سبسکرپشن لینی چاہیے‘

ملتان سلطانز کے خلاف بابر اعظم نے اپنی برق رفتار اننگز میں 39 گیندوں پر 73 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 27 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 242 رنز سکور کردیے۔
پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 73، صائم ایوب نے 58 اور ٹام کوہلر کیڈمور نے 38 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کے خلاف بابر اعظم نے اپنی برق رفتار اننگز میں 39 گیندوں پر 73 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم کو ٹی20 فارمیٹ میں کم سٹرائیک ریٹ پر اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، تاہم اس اننگز میں ان کا سٹرائیک ریٹ 187.17 رہا ہے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف جب بابر اعظم نے سینچری سکور کی تھی تو اس اننگز میں اُن کا سٹرائیک ریٹ 176.92 تھا۔
پشاور زلمی کے کپتان پی ایس ایل کے رواں سیزن میں 9 میچز میں 52 کی اوسط کے ساتھ 416 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
جمعے کے روز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بابر اعظم تیز سٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موضوع بحث ہیں۔
شیبی نے بابر اعظم کی سٹرائیک ریٹ پر تنقید کرنے والے حلقوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’اُن کا مسئلہ بابر کا سٹرائیک ریٹ نہیں بلکہ بابر ہے۔
ٹوئٹر ہینڈل کرکٹ انسیکٹ نے طنزیہ انداز میں ٹویٹ کی کہ ’خود غرض بابر نے 608 کی بنائے 208 کے سٹرائیک ریٹ سے ففٹی کی ہے۔‘
احتشام صدیقی نے بابر کے بارے میں دلچسپ انداز میں تبصرہ کیا کہ ’بابر اعظم اب 200 کے سٹرائیک ریٹ سے کھیل رہے ہیں۔ وہ اپنے ناقدین سے پوچھ رہے ہیں وہ اب کہاں ہیں؟‘
کرکٹ پاکستان نے بابر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’کنگ بابر نے ایک مرتبہ پھر اپنی کلاس دکھائی۔‘
صحافی عمران صدیقی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ ’بابر اعظم کی ڈرائیوز دیکھنے کے لیے سبسکرپشن لینی چاہیے۔‘
 

شیئر: