Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوارا بھاسکر کو پاکستانی ڈیزائنز کا جوڑا پہننے پر تنقید کا سامنا

سوارا بھاسکر کے شوہر فہد احمد سماج وادی پارٹی کے رکن ہیں۔ (فوٹو: سوارا بھاسکر/ٹوئٹر)
انڈین اداکارہ سوارا بھاسکر اپنی شادی پر پاکستانی ڈیزائنر کا لہنگا پہننے پر انڈین سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی زد میں ہیں۔
ٹوئٹر پر سوارا بھاسکر نے منگل کے روز اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ان کی شادی کا لہنگا پاکستانی ڈیزائنر علی ذیشان نے بنایا تھا۔
اس ٹویٹ کے بعد انہیں صارفین کی جانب سے شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سوارا بھاسکر کا یہ لہنگا لاہور سے دبئی پھر وہاں سے ممبئی، ممبئی سے دہلی اور دہلی سے بریلی آیا جہاں اداکارہ کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی۔
اس بارے میں نتن ڈانڈریال نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’آپ اتنی مشکلات سے بچ جاتیں اگر آپ شادی لاہور میں جا کر کر لیتیں۔‘
 
نیاکشا نے بھی اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’واہ، آج کل کی لڑکیاں شادی کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہیں تاکہ وہ اپنے پسندیدہ ملک کی تعریف کر سکیں۔‘

حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے یوتھ ونگ کے سوشل میڈیا انچارج شاشانکا چکرابورتی کہتے ہیں کہ ’آپ کی شادی کو لاہور میں ہونا چاہیے تھا۔ اس میں شرکت کے لیے راہُل گاندھی اور اس کے گینگ کو جانے میں بھی آسانی ہوتی۔

دوسری جانب اداکارہ کی ٹویٹ پر صارفین کے مثبت تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ارپتا چیٹرجی نے تبصرہ کیا کہ ’اُف، آپ اس شاندار لباس میں انتہائی خوبصورت لگ رہی ہیں۔

سشما کہتی ہیں کہ ’کوئی مسئلہ نہیں ہے کہ یہ لہنگا کہاں سے آیا ہے۔ یہ کاریگری کی مثال ہے جس کی تعریف کرنی چاہیے۔ خوبصورت۔‘

سوارا بھاسکر کے شوہر فہد احمد سماج وادی پارٹی کے ریاست مہاراشٹر میں یوتھ ونگ کے صدر ہیں اور ان دونوں کی ملاقات تقریباً ساڑھے تین سال پہلے شہریت کے متنازع قانون کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران ہوئی تھی۔
خیال رہے ویسے تو سوارا بھاسکر اور فہد احمد کی شادی گزشتہ ماہ سپیشل میرِج ایکٹ کے تحت عدالت میں ہوئی تھی لیکن روایتی تقریبات کا آغاز 11 مارچ کو مایوں کی رسم سے ہوا۔
مایوں کی رسم کے بعد مہندی، سنگیت اور قوالی نائٹ کے علاوہ دیگر فنکشنز بھی ہوئے جن میں کانگریس رہنما راہل گاندھی، دہلی کے وزیر اعلٰی اروند کجیروال اور دیگر نامور شخصیات نے شرکت کی۔

شیئر: