Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نااہلی سے خوفزدہ نہیں، مودی سے سوال پوچھتا رہوں گا: راہُل گاندھی

راہُل گاندھی کو دو برس قید کی سزا کے بعد پارلیمنٹ سے نااہل کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اپوزیشن رہنما راہُل گاندھی نے کہا ہے کہ انہیں پارلیمنٹ سے اس لیے نااہل کیا گیا ہے کیونکہ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی سے ان کے تعلق کے بارے میں سخت سوالات پوچھ رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق راہُل گاندھی نے سنیچر کو نئی دہلی میں کانگریس کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے نااہل کیا گیا ہے کیونکہ وزیراعظم میری اگلی تقریر سے خوفزدہ ہیں۔ وہ اڈانی پر ہونے والی اگلی تقریر سے خوفزدہ ہیں۔‘
جواب میں مودی کی ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہا ہے کہ راہُل گاندھی کو ہتک عزت کے قانون کے تحت سنہ 2019 میں دیے گئے ان کے بیان کی وجہ سے سزا ہوئی ہے۔ اس کا گوتم اڈانی کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اپنی سزا اور نااہلی کے بعد پہلی بار عوامی سطح پر بات کرتے ہوئے کانگریسی رہنما نے کہا کہ ’وہ نہیں چاہتے کہ وہ تقریر پارلیمنٹ میں ہو، یہی مسئلہ ہے۔‘
52 سالہ راہُل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ انڈین وزیراعظم کو ان کی اگلی تقریر پسند کیوں نہیں آئے گی۔
انڈیا میں اگلے عام انتخابات سنہ 2024 میں ہونے ہیں اور راہل گاندھی اپنی پارٹی کا ووٹ بنک بڑھانے کی کوشش میں ہیں۔

نریندر مودی کے حریفوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور بی جے پی کے اڈانی گروپ کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نااہلی سے خوفزدہ نہیں ہوں اور سوال پوچھتا رہوں گا کہ وزیراعظم کا گوتم اڈانی سے کیا تعلق ہے؟‘
دو روز قبل جمعے کو راہُل گاندھی کو دو برس قید کی سزا کے بعد پارلیمنٹ سے نااہل کر دیا گیا تھا۔ اس سے ایک دن قبل گجرات کی ایک عدالت نے انہیں سنہ 2019 کی انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کو مجرم کہنے پر دو برس قید کی سزا سنائی تھی۔
تاہم عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 دن کے لیے ان کی سزا منسوخ کر دی اور انہیں اہیل کا حق بھی دیا۔

اپوزیشن کے سوالات

نریندر مودی کے حریفوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور بی جے پی کے اڈانی گروپ کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، جو تقریباً دو دہائیوں پر محیط ہے جب مودی مغربی ریاست گجرات کے وزیراعلٰی تھے۔ گوتم اڈانی کا تعلق بھی گجرات سے ہے۔

ہنڈنبرگ ریسرچ کی رپورٹ کے بعد اڈانی گروپ کے شیئرز کی مالیت میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی کمی ہو چکی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)

کانگریس پارٹی نے اڈانی کمپنیوں میں سرکاری فرمز کی طرف سے کی گئی سرمایہ کاری اور حالیہ برسوں میں چھ ہوائی اڈوں کے انتظام کو گروپ کے حوالے کرنے پر سوال اٹھایا ہے، حالانکہ اسے اس شعبے میں کوئی تجربہ نہیں تھا۔
اڈانی گروپ اس وقت بحران کا شکار ہے کیونکہ رواں برس 24 جنوری کو امریکی فرم ہنڈنبرگ ریسرچ کی رپورٹ آنے کے بعد اس کے شیئرز کی مالیت میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی کمی ہو چکی ہے۔

شیئر: