Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کون گارنٹی دے گا عمران خان انتخابی نتائج تسلیم کریں گے؟ مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے دو صوبوں کی اسمبلیاں توڑی گئیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو غیرملکی طاقتوں نے لانچ کیا اور وہ ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
اتوار کو لاہور میں ن لیگ کے لائرز ونگ سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ زمان پارک سے ریاست پر حملہ ہوا، آئین اور قانون کہاں سو رہا تھا۔ الیکشن ملتوی ہونے پر ان کو آئین یاد آ گیا۔
’ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، انتخابات لڑیں گے اور جیتیں گے۔ سیاسی استحکام کے لیے الیکشن کے سوا کوئی راستہ نہیں۔‘
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کا الیکشن ن لیگ جیت گئی تو عمران خان قبول کر لیں گے؟ کون گارنٹی دے گا کہ عمران خان انتخابی نتائج تسلیم کریں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے پاکستان کے آئین اور جمہوریت کو بچوں کا کھیل سمجھ رکھا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ایک ذہنی بیمار شخص ہے۔ ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے دو صوبوں کی اسمبلیاں توڑی گئیں۔
’حکومت نے آئین توڑنے والے کے خلاف پٹیشن دائر نہیں کی تو یہ کمزوری ہے۔‘
انہوں نے عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’داماد، بیویوں اور بیٹیوں کے کہنے پر فیصلے ہوتے ہیں۔ پرویز الہیٰ کہتے ہیں کہ فلاں بینچ میں کیس لگا دیں۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’ہم نہیں ڈرتے کیوں کہ ہم سیلیکٹ ہو کر نہیں اٗئے۔ ہر پانچ سال بعد الیکشن ہونے چاہئیں۔ ہم نے عدالتوں میں سرنڈر کیا، جھوٹی سزائیں بھگتیں۔ ہمارے گھروں پر حملے ہوئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں جو بحران ہے اس میں ملک کو وکلا کی ضرورت ہے۔ اپنی تقاریر میں بات کرتی رہی ہوں ترازو کے پلڑے برابر کرو پھر الیکشن کراؤ۔‘
مریم نواز نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری سیاست اس بات کے گرد گھومتی ہے کہ کون سی تقرری کس وقت ہو۔
’پہلے ان کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ کے کردار تھے جو اب جا چکے ہیں تو اب انہوں نے جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ لی ہے جس پر یہ تکیہ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں۔‘

حکومت کے لیے آئین پاکستان پر عمل کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں: تحریک انصاف

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف  کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کے لیے آئین پاکستان پر عمل کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

فواد چویدری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو دوبارہ فیٹف کی لسٹ میں ڈلوائے گی۔ (فوٹو: سکرین گریب)

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر اور مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کا نظام جمہوری ہے اور یہاں سب اداروں کو آئین پر عمل کرنا ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ صدر مملکت کا خط آئین کی بنیاد پر لکھا گیا تھا لیکن وزیراعظم نے اس کا جواب بیہودہ طریقے سے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ظلم اور جبر کی کوئی مثال نہیں ملتی، لوگوں کو اٹھا کر میسنگ پرسن قرار دیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو دوبارہ فیٹف کی لسٹ میں ڈلوائے گی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاست ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو دیکھ کر آگے بڑھنے کا نام ہے، جس طریقے سے یہ لوگ آگے بڑھ رہے ہیں یہ پاکستان میں بڑے بحران کو جنم دے چکے ہیں۔

شیئر: