Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آج نامعلوم پیچھے ہو جائیں تو یہ حکومت ختم ہو جائے: عمران خان

کوریج پر پابندی پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت لگائی گئی ہے۔ (فائل فوٹو: وزارت اطلاعات)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ’اگر آج نامعلوم پیچھے ہو جائیں تو یہ حکومت ختم ہو جائے۔‘
پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کے لیے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں۔
عمران خان کا اس سوال پر کہ ملک میں فیصلے کون کر رہا ہے؟ کہنا تھا کہ یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب سب کو معلوم ہے۔
اس سوال پر کہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے یا ’یہ رہیں گے یا ہم رہیں گے‘، پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواہش تو یہی ہے دونوں رہیں لیکن اگر وہ کہہ رہے ہیں تو ’میں یہی کہوں گا وہ نہیں رہیں گے۔‘
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہہ نواز شریف انتظار میں ہیں کہ ’مجھے نااہل یا قتل کر دیا جائے‘ تو وہ واپس آئیں۔
عمران خان سے جب پوچھا گیا کہ وہ اپنی گرفتاری پر بہت مزاحمت کیوں کر رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی جرم کیا ہو تو گرفتاری دوں۔
خیال رہے کہ پیمرا نے آج کے دن کے لیے عمران خان کی اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لائیو کوریج پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آج کے دن تک کے لیے اسلام آباد میں کسی بھی جماعت، تنظیم یا انفرادی طور پر نکالے جانے والی احتجاجی ریلی یا عوامی اجتماع کی لائیو یا ریکارڈڈ کوریج نہیں کی جا سکتی۔ کوریج پر پابندی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے سنہ 2018 کے احکامات کی روشنی میں کوریج پر پابندی پیمرا آرڈیننس کے سیکشن 27 کے تحت لگائی گئی ہے۔
اس سے قبل رواں مہینے کے آغاز میں پیمرا نے تمام ٹی وی چینلوں کو حکم دیا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی ہو گی کیونکہ وہ ’ریاستی اداروں اور افسران پر مسلسل بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں اور نفرت پھیلا رہے ہیں۔‘

شیئر: