Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ورلڈ کپ 2023: پاکستان کے میچز انڈیا کے بجائے بنگلہ دیش میں ہونے کا امکان

ویب سائٹ کے مطابق پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا تاہم انڈیا اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
 ورلڈ کپ 2023: پاکستان کے میچز انڈیا کے بجائے بنگلہ دیش میں ہونے کا امکان
رواں برس انڈیا میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک نئی ممکنہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق رواں برس انڈیا میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کے میچز انڈیا کے بجائے بنگلہ دیش میں ہو سکتے ہیں۔
کرک انفو کی خبر کے مطابق ’اس بارے میں بات چیت کی جا رہی ہے کہ پاکستان ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے میچز بنگلہ دیش میں کھیل سکتا ہے۔‘
’انڈیا اس ٹورنامنٹ کا میزبان ہے لیکن دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تعلقات میں تناؤ کے باعث اس آئیڈیا کے بارے میں آئی سی سی کی سطح پر بات کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل نکالا جا رہا ہے۔
ویب سائٹ کا مزید کہنا ہے کہ ’پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا تاہم انڈیا اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔‘
رواں سال ہونے والے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے تاہم خبروں کے مطابق انڈین کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔
انڈین ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں انڈیا کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
اگر انڈیا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچتا ہے تو اُس صورت میں فائنل بھی نیوٹرل وینیو پر ہی ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا نے 2012 کے بعد سے اب تک کوئی دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی جبکہ 2007 کے بعد سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہو سکی۔
دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی کے باعث روایتی حریف صرف آئی سی سی کے ٹورنامنٹس اور ایشیا کپ میں آمنے سامنے آتے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ انڈیا میں شیڈول ہے جو اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: