Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین شاہ آفریدی ٹی20 بلاسٹ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کریں گے

پیٹر موریز کہتے ہیں کہ ’شاہین کی صورت میں ہمارے پاس ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے‘ (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی رواں سال انگلینڈ کے ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ ’وِٹلیٹی بلاسٹ‘ کے کلب ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کریں گے۔
کرکٹ کی کوریج کرنی والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نیوزی لینڈ کے بیٹر کولن منرو کے ساتھ کلب میں شامل دوسرے انٹرنیشنل کھلاڑی ہوں گے۔
گزشتہ سال ناٹنگھم شائر 2015 کے بعد پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کرنے میں ناکام رہی تھی جس کے بعد ہیڈ کوچ پیٹر موریز نے شاہین شاہ آفریدی کو ’بلاک بسٹر پلیئر‘ قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے وہ کلب کو دوبارہ سے کامیابی دلوائیں گے۔
ناٹنگھم شائر 2017 اور 2020 میں ٹی20 بلاسٹ جیت چکی ہے۔ پیٹر موریز کہتے ہیں کہ ’شاہین کی صورت میں ہمارے پاس ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے جو بہت اچھی بات ہے، اور وہ ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو گیند سے فرق ڈال سکتا ہے جو  بہت اہم ہیں۔‘
انہوں ںے مزید کہا کہ ’ہم مضبوط پلیٹ فارم بنا رہے ہیں جس میں بہت سے نوجوان کھلاڑی ٹی20 کھیلنے کے لیے بھوکے ہیں اور اس میں شاہین کوالٹی لاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے آپ کو بڑے سٹیج پر منوایا ہوا ہے اور وہ کرکٹ کے لیے بہت جنونی ہیں۔ وہ ایک بڑی وجہ ہیں جس کے لیے لوگ میچ دیکھیں گے۔‘
ناٹنگھم شائر میں سلیکٹ ہونے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ ’ناٹس جارحانہ کرکٹ کھیلتی ہے جو میرے مطابق ہے۔ انہیں گزشتہ سالوں میں کامیابیاں ملی ہیں اور الیکس ہیلز، کولن منرو اور جو کلارک ایسے کھلاڑی ہیں جن کے خلاف میں کھیل چکا ہوں اور کافی متاثر ہو چکا ہوں۔‘
22 سالہ فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ’میرا یہی مقصد ہے کہ میں متاثرکُن کارکردگی دکھا کر ٹیم کو زیادہ سے زیادہ کامیابیاں دوں۔ ٹرینٹ بِرج پر میں کھیل چکا ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ وہاں رنز تیزی سے بنتے ہیں اور بطور بولر آپ کو لائن اور لینتھ ٹھیک رکھنی ہوتی ہے لیکن آپ جب ایسے کرتے ہیں تو اس کا پھل بھی ملتا ہے۔ یہ میرے لیے واقعی ایک پُرجوش لمحہ ہے اور میں اس کے لیے بے تاب ہوں۔‘
شاہین شاہ آفریدی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان ہیں۔ اُن کی کپتانی میں لاہور قلندرز رواں برس مسلسل دوسری مرتبہ چیمپیئن بنی ہے۔
دوسری جانب فاسٹ بولر کو انگلینڈ ہی کے کرکٹ ٹورنامنٹ ’دی ہنڈرڈ‘ کی ٹیم ویلش فائر نے بھی ٹورنامنٹ کے لیے خریدا ہے جبکہ وہ اس کے پہلے ہیمپشائر اور مڈل سیکس کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

شیئر: