Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ: ایشیائی شہری نے بیوی اور بیٹیوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی 

قتل اور خودکشی کے بارے میں پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
شارجہ میں ایک ایشیائی شہری نے بیوی اور دو بیٹیوں کو قتل کرکے عمارت سے کود کر خودکشی کرلی۔ 
الامارات الیوم کے مطابق شارجہ پولیس کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ایشیائی شہری عمر کے تیسرے عشرے میں ہے۔ اس نے المجاز علاقے میں واقع ٹاور کی دسویں منزل سے  چھلانگ لگا کر خودکشی کی تھی۔ 
ابتدا میں پولیس کا خیال تھا کہ وہ اپنے فلیٹ کی بالکنی سے گر گیا ہے۔ اسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور ہسپتال میں داخل کر دیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ 
پولیس ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہمارے پاس خودکشی کرنے والے کے بارے میں بنیادی معلومات نہیں تھیں۔ تلاشی کے دوران اس کے پاس سے ایک کاغذ ملا جس پر تحریر تھا کہ ’میں نے اپنے بیوی اور بچوں کو قتل کر دیا ہے جن کی لاشیں فلیٹ میں ہیں۔‘
پولیس نے اس کے بعد گھر کی تلاشی کے لیے  پبلک پراسیکیوشن سے اجازت حاصل کی۔ فلیٹ کا دروازہ توڑ کر پولیس اندر داخل ہوئی جہاں خودکشی کرنے والے کی بیوی اور بچیوں کی لاشیں پڑی تھیں۔
پولیس سربراہ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے لگتا ہے کہ مقتول نے بیوی اور بچیوں پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا تھا۔ نہ ہی ان کی جانب سے مزاحمت کی کوئی علامت ملی ہے اور نہ ہی قتل میں چھری وغیرہ کے استعمال کا کوئی نشان ہاتھ آیا ہے۔ ایسا  لگتا ہے کہ یا تو تینوں کو زہر دے کر مارا گا ہے یا گلا گھونٹ کر انہیں ہلاک کیا گیا ہے۔ 
پولیس سربراہ نے بتایا کہ تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ خودکشی کرنے والا ایک کمپنی میں اعلٰی عہدے پر فائز تھا۔  
پولیس قتل اور خودکشی کے اسباب معلوم کرنے کے لیے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ مقتول بیوی کی سہیلی اور فیملی سے تعلق رکھنے والے قریبی افراد سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔ 

شیئر: