Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کچھ کچھ ہوتا ہے: ’میں راہُل کے بجائے امن کو چُنتی‘

کاجول کہتی ہیں کہ ’انجلی کا میرا ورژن کبھی ساڑھی نہیں پہنے گا‘ (فوٹو: سکرین گریب)
90 کی دہائی کی بلاک بسٹر فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کسے یاد نہیں۔ کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی نے اداکاری کا ایسا جادو جگایا کہ یہ فلم آج بھی ماضی کی بہترین فلموں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔
1998 کی اس فلم کی کہانی راہل (شاہ رخ خان)، انجلی (کاجول) اور امن (سلمان خان) کے لَو ٹرائینگل پر مبنی ہے جس میں دِکھایا گیا ہے کہ کیسے ایک بہترین دوستی کا تعلق محبت میں بدل جاتا ہے۔
فلم میں انجلی کو چھوٹے بالوں والی ’ٹام بوائے‘ لڑکی کے طور پر دِکھایا گیا تھا جو دِل ہی دِل میں اپنے بہترین دوست راہل کو پسند کرنے لگتی ہے۔ آٹھ سال بعد وہ جینز شرٹ پہننا چھوڑ دیتی ہے اور راہُل کی پسند کے مطابق لمبے بال رکھ لیتی ہے اور ساڑھی پہننا شروع کر دیتی ہے۔
اس فلم میں انجلی (کاجول) کو راہل اور امن میں سے کسی ایک کو اپنے لیے چُننا ہوتا ہے اور وہ عین شادی کے دن امن کے بجائے راہل کا انتخاب کرتی ہیں۔
یہ تو تھا فلم کا سکرپٹ لیکن اگر خود اُنہیں چوائس دی جاتی تو کاجول بطور انجلی کیا کرتیں اس کا جواب وہ کچھ یوں دیتی ہیں کہ ’میں شاید سلمان خان کو چُنتی اور کبھی ساڑھی نہ پہنتی۔‘
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی ریلیز کے 24 سال بعد ہیومنز آف بامبے کے ساتھ ایک انٹرویو میں کاجول سے فلم میں انجلی کا کردار ادا کرنے کے بارے میں پوچھا گیا۔  کاجول نے بتایا کہ ’انجلی کا میرا ورژن کبھی ساڑھی نہیں پہنے گا۔ وہ ٹریک پینٹ اور مہنگے جوتے پہنے گی۔‘
تاہم اُن کا کہنا تھا کہ ’فلم میں، اگر آپ فلم دیکھیں تو اس اختتام کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں تھا۔ اسے ایسا ہی ہونا چاہیے۔‘
2019 میں ہدایت کار کرن جوہر نے بتایا تھا کہ کچھ کچھ ہوتا ہے ’پولیٹیکلی رانگ‘ فلم تھی۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے شبانہ اعظمی نے انہیں فون پر لتاڑا تھا۔
میلبورن کے فلم فیسٹیول میں  کرن جوہر نے بتایا تھا کہ ’شبانہ نے مجھ سے کہا کہ تم نے کیا دِکھایا ہے؟ ایک لڑکی کے بال چھوٹے ہیں اس لیے وہ پُرکشش نہیں ہے۔ اور اب اس کے بال لمبے ہیں تو وہ خوبصورت ہے؟‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے جواب میں کہا مجھے معاف کر دیں۔ کہنے لگیں کیا؟ آپ کو بس اتنا ہی کہنا ہے؟ میں نے ہاں کہا کیونکہ میں جانتا ہوں کہ آپ ٹھیک کہہ رہی ہیں۔‘

شیئر: