Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: وزیراعظم ہاؤس)
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں اماراتی سفیر نے وزیراعظم کو متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے COP28 میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا، جو 30 نومبر سے 12 دسمبر 2023 تک دبئی میں منعقد ہو گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دعوت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گزشتہ برس پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی سرگرمیوں میں اماراتی قیادت کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یو اے ای کی COP28 کی قیادت سے پاکستان جیسے ممالک، جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرے کا شکار ہیں، کے لیے بامعنی نتائج برآمد ہوں گے۔
اس برس جنوری میں صدر متحدہ عرب امارات کے پاکستان کے کامیاب دورے کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنا دونوں ممالک کی قیادت کا مشترکہ عزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات 17 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور معاشی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

شیئر: