Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم پٹھان کی آمدن سے شاہ رخ خان کو کتنے پیسے ملیں گے؟

فلم پٹھان نے انڈیا بھر سے 543 کروڑ اور دنیا بھر سے 396 کروڑ روپے کمائے (فوٹو: کوئی موئی)
رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ ہندی فلم انڈسٹری کی سب سے کامیاب فلم ہے۔
پٹھان شاہ رخ خان کی چار سال کے وقفے کے بعد ریلیز ہونے والی فلم تھی جس نے باکس آفس پر خوب راج کیا۔
25 جنوری کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے انڈیا بھر سے 543 کروڑ روپے کمائے۔ اس فلم نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی دن سب سے زیادہ اوپننگ کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
پٹھان کی کہانی ایک ایسے ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے جو ایک غدار خفیہ ایجنٹ کے مشن سے اپنے ملک کو بچاتا ہے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی ایکشن سے بھرپور اس فلم میں شاہ رخ خان، جان ابراہام، دپیکا پاڈوکون، آشوتوش رانا اور ڈِمپل کپاڈیا نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
اس فلم نے جہاں بالی وُڈ کے سب سے معتبر پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز کو تاریخی منافع دیا وہیں سنیما گھروں کے مالکان نے بھی پیسوں سے خوب جیبیں بھریں، لیکن اس فلم کی بڑی آمدن سے کنگ خان بھی بڑا حصہ اپنے نام کر رہے ہیں۔
ویب سائٹ بالی وُڈ ہنگامہ کے مطابق شاہ رخ خان کو پٹھان کی آمدن سے دو سو کروڑ روپے ملے گا۔
پٹھان کا مجموعی بجٹ 270 کروڑ روپے تھا جس میں پروڈکشن، پرنٹ اور تشہیر کے اخراجات شامل تھے۔
اس نے انڈیا بھر سے 543 کروڑ اور دنیا بھر سے 396 کروڑ روپے کمائے جس سے ڈسٹریبیوٹر کا حصہ بالترتیب 245 کروڑ اور 178 کروڑ روپے رہا۔
اس فلم نے سیٹلائٹ رائٹس سے 150 کروڑ روپے کمائے ہیں جبکہ 30 کروڑ روپے اسے میوزک اور سبسڈیز کی مد سے ملے ہیں۔
اس طرح مجموعی طور پر یش راج فلم نے 270 کروڑ روپے کے بجٹ سے 603 کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے جس سے انہیں 333 کروڑ روپے منافع ہوا ہے۔

شاہ رخ خان کو پٹھان فلم سے 200 کروڑ روپے ملیں گے (فوٹو: انڈین ایکسپریس)

اسی دوران شاہ رخ خان نے فلم کے لیے فیس لینے کے بجائے منافعے سے 60 فیصد رقم لینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت بالی وُڈ کے بادشاہ کو پٹھان فلم سے 200 کروڑ روپے ملیں گے۔
رواں سال کنگ خان کی دو مزید فلمیں ریلیز ہونا بھی باقی ہیں۔
ان کی سال کی دوسری فلم ’جوان‘ کے نام سے ہے جس کی ہدایتکاری جنوبی انڈیا کے ڈائریکٹر ایٹلی کمار کی ہے۔ یہ فلم دو جون کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس کے بعد سال کے آخر میں کنگ خان راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ ریلیز کریں گے۔
یہ فلم رواں سال کے آخر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: