Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر صارفین اب آڈیو اور ویڈیو کالز کر سکیں گے

2022 میں 44 بلین ڈالر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد ایلون مسک نے ٹوئٹر میں تبدیلیاں متعارف کی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹوئٹر میں ویڈیو اور آڈیو کالز کے فیچرز شامل کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے نئی خبر دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’بہت جلد اس پلیٹ فارم سے آپ کے ہینڈل سے کسی کو بھی وائس اور ویڈیو چیٹ ہو سکے گی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’فون نمبر دیے بغیر دنیا میں کہیں بھی آپ لوگوں سے بات کر سکیں گے۔‘
ایک کمنٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میٹا کی جانب سے چلائی جانے والی میسجنگ سروس واٹس ایپ پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔‘
ٹوئٹر کا میسجنگ فیچر،  مسینجر، سگنل، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ جیسی مفت سروسز کا مقابلہ کرے گا۔
ایلون مسک نے مزید کہا کہ بدھ سے ٹوئٹڑ ڈائریکٹ مسیجز کو انکرپٹ کرنا شروع کر دے گا۔
گزشتہ برس 44 بلین ڈالر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد مسک نے ٹوئٹر میں تبدیلیاں متعارف کی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے تمام اکاؤنٹس سے مفت بلیو ٹِک واپس لے لیے تھے۔
اسی طرح انہوں نے مزید نئے احکامات جاری کیے ہیں کہ کئی سالوں سے غیر فعال رہنے والے اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا جائے گا جس سے فالوورز کی تعداد میں کمی ہو سکتی ہے۔
اپنی ٹویٹ میں ایلون مسک نے اعلان کیا کہ ’ہم ان اکاؤنٹس کا صفایا کر رہے ہیں جن پر کئی سالوں سے کوئی ایکٹویٹی نہیں نظر آئی، اس لیے آپ کے فالوورز کی تعداد ممکنہ طور پر کم ہو سکتی ہے۔‘

شیئر: