Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو انتخابات لڑنے کے لیے بے گناہی ثابت کرنا ہو گی: احسن اقبال

وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صف اول کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان 60 ارب روپے کے مقدمے میں بے گناہی ثابت کرنے کے بعد ہی انتخابات لڑ سکیں گے۔
منگل کو اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ’جہاں تک الیکشن میں لڑنے یا نہ لڑنے کا  سوال ہے اس کا دارو مدار ان کے خلاف مقدمے میں ہے، اگران کے خلاف کرپشن کے الزامات ثابت ہو گئے تو یقیناً پھر عمران خان صاحب کو اس کی سزا ملے گی اور اگر وہ بے گناہ ہوئے تو ضرور الیکشن لڑ سکیں گے۔
پاکستان کے 60 ارب روپے کا حساب عمران خان صاحب سے مانگا جا رہا ہے۔ خان صاحب سب سے رسیدیں مانگتے تھے، ہم ان سے کہتے ہیں کہ 60 ارب روپے کی رسید دے دیں تو چھوٹ جائیں گے، اگر ان کے پاس 60 ارب روپے کی رسید نہیں ہے تو پھر انہیں سزا ملنی چاہیے۔ اور ان کا احتساب ہونا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کی صف اول کی قیادت میں شامل مزید رہنما بھی گرفتار کیے جائیں گے۔
تحریک اںصاف کے وہ تمام رہنما جو پیر کے روز کے واقعات کے پیچھے تھے ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’وہ تمام رہنما جنہوں نے کل تشدد پر لوگوں کو اکسایا اور اس میں شریک تھے اور وہ لوگ جنہوں نے حصہ لیا تھا پولیس ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں مظاہرے شروع ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین نے کل وہ کام کیا ہے جو ’دہشت گرد‘ کرتے ہیں اور قانون کا کسی کے لیے دہرا معیار نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے وہی تمام حرکتیں کی ہیں جو دہشت گرد گروہ پاکستان میں کرتے آئے ہیں، کہ وہ ریاستی ادراوں کو نشانہ بنائیں، وہ سکولوں کو جلائیں، وہ انفراسٹرکچر کو تباہ کریں۔ پی ٹی آئی نے کل اپنا فاشسٹ چہرہ دکھایا ہے۔
احسن اقبال کے مطابق ’پی ٹی آئی نے جس طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے وہ جمہوری جماعت نہیں کرتی۔ کل پی ٹی آئی نے وہ تمام ریڈ لائنز عبور کی ہیں جو پاکستان میں دہشت گرد کرتے ہیں۔ کوئی جمہوری جماعت اس قسم کا طرز عمل نہیں دکھاتی۔
’انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک جمہوری جماعت نہیں ہیں بلکہ ایک فاشسٹ جماعت ہیں۔ اور اس کے لیے جو قانون ہے وہ ضرور ان کی گرفت کرے گا۔‘

شیئر: