Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان کو سٹریمنگ پلیٹ فارم پر 500 کروڑ روپے کی ڈِیل مل گئی

اس سے قبل ایسی ہی ڈِیل سے سلمان خان نے 400 سے 500 کروڑ روپے کمائے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے دبنگ خان سلمان خان گذشتہ تین دہائیوں سے انڈسٹری پر راج کر رہے ہیں۔
اُن کے کیریئر میں کئی نشیب و فراز آئے لیکن انڈسٹری میں اُن کی پوزیشن اب بھی برقرار ہے۔
شوبز ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی باکس آفس پر ناقص کارکردگی کے باوجود انہیں آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم سے ایک بڑی ڈِیل مل گئی ہے۔
ساجد نادیادوالا کی جانب سے ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی پروڈکشن سے پیچھے ہٹنے کے بعد سلمان خان نے خود فلم پر پیسے لگائے۔
اس فلم کی کاسٹ میں بڑے نام شامل تھے اور اس نے اپنے پہلے وِیک اینڈ پر اچھی کمائی بھی کی لیکن اس کے بعد فلم نے باکس آفس پر گِرتے سنبھلتے 110 کروڑ روپے کما ہی لیے۔
ای ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم ’زی فائیو‘ سے پانچ سال کی ڈِیل کی ہے۔
اس ڈِیل کے تحت سپرسٹار کی رواں سال جنوری کے بعد تمام آنے والی فلموں کے سیٹلائٹ حقوق زی فائیو کے پاس ہوں گے۔
’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ اس ڈِیل کے تحت زی فائیو پر سٹریم کرنے والی پہلی فلم ہو گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بالی وُڈ بھائی کی آںے والی بڑی فلم ’ٹائیگر تھری‘ زی فائیو پر سٹریم نہیں ہو گی کیونکہ اُس کی پروڈکشن کمپنی ’یش راج فلمز‘ نے دوسرے سٹریمنگ پلیٹ فارم کے ساتھ بڑا معاہدہ کیا ہوا ہے۔

سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ باکس آفس پر خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سلمان خان کی فلم ’رادھے‘ بھی زی فائیو پر سٹریم ہوئی تھی اور منفی تجزیوں کے باوجود اس فلم نے پلیٹ فارم پر ریکارڈ توڑ دیے تھے۔
یہاں یہ بات قابلِ غور ہے کہ اس سے قبل ایسی ہی ڈِیل سے اداکار نے 400 سے 500 کروڑ روپے کمائے تھے۔
 تاہم ابھی تک اس تازہ ترین ڈِیل کی قیمت کو چھپایا گیا ہے لیکن اگر سلمان خان اس سے زیادہ پیسے لینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو اس پر کوئی حیرت نہیں ہوگی۔

شیئر: