Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمپنی نے فائنل ایگزٹ لگا دیا، اہل خانہ پر اس کا اطلاق ہوگا؟

پاسپورٹ بین الاقوامی شناختی دستاویز ہے جس کا ہونا ضروری ہے (فوٹو: ٹوئٹر جوازات)
سعودی عرب کے اقامہ قوانین کے تحت مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کو چھٹی جانے یا مملکت سے مستقل طور پرجانے کےلیے ایگزٹ ری انٹری یا فائنل ایگزٹ  جسے عربی میں خروج وعودہ اور خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہے۔ 
خروج وعودہ کےلیے ماہانہ فیس 100 ریال ادا کرنا ضروری ہے جب کہ فائنل ایگزٹ کی کوئی فیس نہیں ہوتی تاہم اس کےلیے شرائط بھی ہیں۔  
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص نے دریافت کیا’ کمپنی جہاں میں کام کرتا ہوں کی جانب سے میرا فائنل ایگزٹ لگادیا گیا۔ اس صورت میں کیا  اہل خانہ کا بھی خروج نہائی شمار ہوگا؟‘۔ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’سربراہ خانہ کا خروج نہائی لگائے جانے کی صورت میں اس کی زیرکفالت مقیم اہل خانہ کا بھی خروج نہائی از خود لگ جائے گا‘۔  
واضح رہے سعودی عرب کے رہائشی پرمٹ کے ضوابط کے تحت غیرملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں انکا اقامہ کمپنی یا اسپانسر کے ذمہ ہوتا ہے جبکہ کارکن کی زیر کفالت اہل خانہ کے اقامے ’تابعین ‘ یعنی ڈیپنڈنٹ کی کیٹگری میں شمار کیے جاتے ہیں۔ 
کارکن کے ذمہ اہل خانہ کی ماہانہ بنیاد پرفیس ادا کرنا ہوتا ہے جوماہانہ 400 ریال کے حساب سے فی شخص وصول کی جاتی ہے۔ 
امیگریشن قوانین کے مطابق کارکن کی زیر کفالت مقیم اس کے اہل خانہ براہ راست کارکن کے اقامہ پرہوتے ہیں۔ اس لیے جب سربراہ خانہ کا اقامہ ختم ہوتا ہے تو اس صورت میں اہل خانہ کا بھی فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی از خود لگ جاتا ہے۔ 
کفالت کی تبدیلی کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا’ میرا پاسپورٹ ایکسپائر ہے اس صورت میں کفالت کی تبدیلی کرائی جاسکتی ہے‘؟۔ 

نئے پاسپورٹ کا نمبر اوراس کی ایکسپائری جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرانا ضروری ہوتا ہے(فوٹو: ٹوئٹر جوازات)

جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ کفالت کی تبدیلی کےلیے ضروری ہے کہ کارکن کے ذمہ کسی قسم کی خلاف ورزی یا اعتراضات نہ ہوں‘۔ 
واضح رہے پاسپورٹ بین الاقوامی شناختی دستاویز ہے جس کا ہونا ضروری ہے۔ کفالت کی تبدیلی کے لیے شناختی دستاویزات کا مکمل اور درست ہونا بھی لازمی امر ہے۔ 
کارکن کے پاسپورٹ کی جملہ تفصیلات جوازات کے مرکزی سسٹم میں فیڈ ہوتی ہیں۔ اگرپاسپورٹ ایکسپائرہوجائے تواس صورت میں جوازات کا سسٹم الرٹ جاری کرتا ہے جس سے خودکارڈیجیٹل نظام اس وقت تک کارکن کے اقامے میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی اجازت جاری نہیں کرتا جب تک مطلوبہ اعتراض دورنہ کیاجائے۔ 
پاسپورٹ تجدید کرانے کے بعد نئے پاسپورٹ کا نمبر اوراس کی ایکسپائری تاریخ جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرانا ضروری ہوتا ہے جس کے بعد سسٹم اپ ڈیٹ ہونے پرکفالت کی تبدیلی کرائی جاسکتی ہے۔

شیئر: