Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں چین کے نئے سفیر نے چارج سنبھال لیا، ’سخت چیلنجز کا سامنا ہے‘

چینی سفیر شی فینگ اس سے قبل دو مرتبہ امریکہ میں تعینات رہ چکے ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
امریکہ میں چین کے نئے سفیر نے چارج سنبھالتے ہوئے مشکلات کا مقابلہ کرنے اور ذمہ داریاں نبھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی سفیر شی فینگ کیریئر سفارتکار ہیں اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
سابق سفیر کن گینگ کی بطور وزیر خارجہ تعیناتی کے بعد شی فینگ کو امریکہ میں سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
بیجنگ کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شی فینگ منگل کو نیویارک پہنچے ہیں۔
ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شی فینگ نے کہا کہ ’اس وقت امریکہ اور چین کے تعلقات شدید مشکلات کا شکار ہیں اور سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے اپنے فرض اور بھاری ذمہ داری کا احساس ہے۔ ہم مشکلات کا مقابلہ کریں گے، اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور فرض ادا کریں گے۔‘
چین میں تعینات امریکی سفیر نکلولس برنز نے ٹوئٹر پیغام میں شی فینگ کو نیا کردار ادا کرنے پر مبارکباد دی۔
چینی حکومت کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق 59 سالہ شی فینگ کا تعلق مشرقی صوبے جیانگ سو سے ہے اور وہ انجینیئرنگ کے شعبے میں ماسٹر کی ڈگری رکھتے ہیں۔
شی فینگ سنہ 1986 سے دفتر خارجہ سے منسلک ہیں اور 1990 کی دہائی میں اپنی زیادہ تر توجہ شمالی امریکہ پر مرکوز رکھی۔
انڈونیشیا میں سفیر تعینات ہونے سے پہلے شی فینگ دو مرتبہ امریکہ میں چینی سفارتخانے میں مختلف عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
حال ہی میں شی فینگ ہانگ کانگ میں وزارت خارجہ کے کمشنر کے طور پر تعینات تھے اور وزارت خارجہ کے نائب وزیر بھی رہ چکے ہیں۔
گزشتہ کچھ عرصے سے چین اور امریکہ کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہیں جبکہ تجارت، ٹیکنالوجی، انسانی حقوق اور دیگر معاملات پر بھی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
رواں ماہ مئی میں چین نے 78 سالہ امریکی شہری جان شنگ وان کو جاسوسی کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

شیئر: