Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جنگ بندی میں توسیع کریں‘، سعودی عرب اور امریکہ کا سوڈانی جرنیلوں سے مطالبہ

متحارب فریقوں نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب اور امریکہ نے سوڈان کے متحارب دھڑوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں اس وقت نافذ العمل قلیل مدتی جنگ بندی میں توسیع کے لیے کام کریں۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو علی الصبح سعودی عرب کی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت اور امریکہ نے سوڈان کی مسلح افواج اور ریپڈ فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 29 مئی کو ختم ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع کے لیے بات چیت جاری رکھیں۔
بیانات میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع سوڈان کے شہریوں کو انسانی امداد تک رسائی میں مدد دے گی۔
سعودی عرب اور امریکہ نے سوڈان کے متحارب دھڑوں کے درمیان حالیہ جنگ بندی کرائی ہے۔ دونوں ممالک نے فریقین پر زور دیا ہے کہ اگر وہ 29 مئی سے قبل جنگ بندی میں توسیع کرنے پر متفق نہیں ہوتے تو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔
متحارب فریقین نے جدہ میں سوڈان کے شہریوں کے تحفظ، اور انسانی امداد تک رسائی کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
جاری جنگ کی وجہ سے اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
سوڈان میں اپریل کے وسط میں جنرل عبدالفتاح کی سربراہی میں ملکی فوج اور جنرل محمد ہمدان دقلو کے زیر نگرانی کام کرنے والی نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورس کے درمیان لڑائی شروع ہو گئی تھی جس کے بعد پورا ملک افراتفری کا شکار ہو گیا تھا۔
جنگ کی وجہ سے ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے جن کو انسانی امداد تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

شیئر: