Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے رابطے میں ہیں، حل کی طرف جانا ہے‘

فواد چودھری نے بتایا کہ ’پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے آج مذاکرات ہوئے ہیں‘ (فوٹو: سکرین گریب)
تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے رہنماؤں نے فواد چودھری کی قیادت میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں سے رابطے شروع کر دیے ہیں اور آج راولپنڈی کی اڈیالہ میں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے آج مذاکرات ہوئے ہیں۔ 25 کروڑ عوام کو آصف علی زرداری اور نواز شریف کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا۔‘
بدھ کو تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں فواد چودھری اور عمران اسماعیل، عامر کیانی اور مولوی محمود نے اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے بتایا کہ ’پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ علی زیدی ، پرویز خٹک، اسد عمر، فرخ حبیب اور عاطف خان سے رابطہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس حکومت کو اپوزیشن کے بغیر ایسے کُھلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ملک کو پی ڈی ایم کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کو مستحکم حل کی طرف جانا ہے۔ ہمیں حل نکالنا ہے، حل نکالنے کی طرف جائیں گے۔‘

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی سے تفصیلی گفتگو ہوئی (فوٹو: روئٹرز)

فواد چودھری نے مزید کہا کہ ’سمجھتے ہیں کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھے گی۔ جو کچھ ہوا ہماری اجتماعی ذمہ داری تھی کہ ایسا نہ ہوتا۔ اپنے بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے رہا کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔‘

کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں: زین قریشی

فواد چوہدری کے بیان کو مین سٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر ’ایک نئی مائنس عمران خان پارٹی‘ کی طرف اشارہ سمجھا جا رہا ہے تاہم تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین حسین قریشی نے اس تاثر تردید کی ہے۔
اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’آج اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے سابق رہنماؤں سے شاہ محمود قریشی صاحب کی ملاقات پر میڈیا میں جو تاثر دیا جا رہا ہے میں اُس کی تردید کرتا ہوں۔ مخدوم صاحب پارٹی کے وائس چیئرمین ہیں اور پی ٹی آئی ایک نظریے کا نام ہے، ہم تحریک انصاف اور عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
زین قریشی نے مزید لکھا کہ ’شاہ محمود قریشی نے آج تک صرف اصولوں اور خدمت کی سیاست کی۔ نہ کوئی عہدہ نہ کوئی لالچ شاہ صاحب کو خرید سکتی ہے۔ کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں۔‘
اُدھر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی  فواد چودھری سے رابطے کی تردید کی ہے۔
انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میرا فواد چودھری سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔‘

شیئر: