شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملہ، ایک پولیس اہلکار ہلاک
پولیس آفیسر اسلم ریاض نے کہا کہ پولیو ورکرز کو کوئی نقصان نہیں ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے پولیو ورکرز کے ساتھ تعینات ایک پولیس اہلکار کی جان چلی گئی جبکہ ایک زخمی ہوا۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ حکومت نے چند روز پہلے اس علاقے میں پولیو کے خاتمے کی مہم کا آغاز کیا تھا۔
پولیس آفیسر اسلم ریاض نے کہا کہ پولیو ورکرز کو کوئی نقصان نہیں ہوا اور حملہ آور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔
2021 میں پاکستان پولیو کو جڑ سے اکھاڑنے کے قریب تھا، لیکن بعد ازاں پولیو کیسز دوبارہ سامنے آنا شروع ہو گئے۔
شدت پسند پولیو مہم کو مغربی سازش قرار دیتے ہیں اور اکثر پولیو ورکرز اور ان ساتھ تعینات سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے ہیں۔
پاکستان اور افغانستان دنیا کے ایسے ممالک ہیں جہاں پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔