Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیتابھ اور جیا بچن کا نصف صدی کا ساتھ اور ’اَن دیکھی تصویر‘

شیوتا بچن نے والدین کی ایک ایسی تصویر شیئر کی جو بہت کم لوگوں نے دیکھی تھی (فوٹو: انسٹاگرام، شیوتا بچن)
آج بالی وڈ کے سب سے نمایاں جوڑے امیتابھ بچن اور جیا بہادری کی شادی کی 50 ویں سالگرہ ہے، جس پر وہ ساتھی اداکاروں اور مداحوں کی جانب سے مبارک بادیں تو وصول کر ہی رہے ہیں تاہم ان کی بیٹی نے سب کو ہی اس خوشی میں شریک کر لیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق امیتابھ بچن کی بڑی بیٹی شویتا بچن نے خوشی کے اس موقع پر جوڑے کی ایک ایسی پرانی تصویر شیئر کی ہے جو اس سے قبل فینز نے نہیں دیکھی تھی۔
تصویر میں نوجوان امیتابھ بچن اور جیا بچن ایک دوسرے کی طرف دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔
شویتا بچن نے ساتھ لکھا کہ ’میرے والدین کو شادی کی 50 ویں سالگرہ مبارک ہو، اب آپ گولڈن جوڑا ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے جوڑے کی خوشگوار زندگی کے حوالے سے لکھا کہ ’ایک بار میری والدہ سے پوچھا گیا کہ اتنی اور خوشگوار شادی شدہ زندگی کا راز کیا ہے؟ جس کے جواب میں انہوں نے صرف ایک لفظ بولا ’محبت‘
’اور میرے خیال میں میرے والد کی بیوی ہمیشہ ٹھیک کہتی ہیں۔‘
اس تصویر پر بالی وڈ کے کئی بڑے ناموں نے تبصرے کیے اور جوڑے کو مبارک باد بھی دی۔

امیتابھ بچن نے 80ویں سالگرہ کے موقع پر فیملی تصویریں شیئر کی تھیں (فوٹو: انسٹاگرام، امیتابھ بچن)

ڈائریکٹر زویا اختر نے کہا کہ ’یہ دونوں کتنے خوبصورت لگ رہے ہیں۔‘
اسی طرح شویتا بچن کی بیٹی نیویا نویلی نندا نے پوسٹ کے نیچے دل کے ایموجیز لگا کر پسندیدگی کا اظہار کیا۔
مہدیپ کمار نے لکھا کہ ’آپ کے والدین کو شادی کی 50 ویں سالگرہ مبارک ہو۔‘
اداکار چنکی پانڈے نے لکھا کہ ’ہیپی گولڈن اینیورسری‘
دوسری جانب اپنی شادی کی 50ویں سالگرہ کے حوالے سے امیتابھ بچن نے رات گئے لکھا کہ ’تین جون کا سورج ابھرنے میں چند لمحے ہی رہ گئے ہیں اور اس کے بعد سال 50ویں ہندسے میں داخل ہو جائے گا۔‘
مبارک باد دینے والوں کے لیے احترام اور محبت، ساتھ ہی انہوں نے گلے لگنے کا ایموجی بھی لگایا۔

امیتابھ بچن کی نواسی نے بھی نانا نانی کی تصویر شیئر کی (فوٹو: انسٹاگرام، نیویا نویلی ننداٌ

بات یہیں پر آ کر نہیں رکی بلکہ امیتابھ بچن کی نواسی نیویا نویلی نندا نے اپنے نانا، نانی کی ایک ایسی فوٹو بھی شیئر کی جو ’کبھی خوشی، کبھی غم‘ کے سیٹ پر بنائی گئی تھی۔
انہوں نے لکھا کہ ’50 سال‘۔
جس کے بیک گراؤنڈ میں امیتابھ بچن کی فلم ابھیمان کا گانا ’تیری بندیا رے‘ بھی سنا جا سکتا ہے۔
جوڑے نے تین جون 1973 میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے شویتا بچن نندا اور ابھیشیک بچن ہیں۔
جوڑے نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جن میں سلسلہ، شعلے، زنجیر، چپکے چپکے، کبھی خوشی کبھی غم سمیت دوسری فلمیں شامل ہیں۔
امیتابھ بچن اپنی آنے والی نئی فلم پراجیکٹ کے میں دکھائی دیں گے جبکہ جیا بچن ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں نظر آئیں گی۔

شیئر: