Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

80 ویں سالگرہ سے ایک روز قبل امیتابھ بچن کی بیٹی کی دلچسپ پوسٹ

امیتابھ بچن کی بیٹی شویتا بچن پانڈے نے ان کی کلاسک فلم ’دیوار‘ کا کلپ شیئر کیا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
بالی وڈ سٹار امیتابھ بچن کل 80 برس کے ہونے جا رہے ہیں اور پرستاروں کی جانب سے مبارک بادوں کے تانتے میں ان کی بیٹی شویتا بچن پانڈے نے کچھ ایسا کر دیا کہ سبھی جھوم اٹھے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ان دنوں ’بچن بیک ٹو بیگننگ‘ کے عنوان سے ایک فلم فیسٹیول جاری ہے جو آٹھ اکتوبر سے شروع ہوا، جس میں ملک کے 17 شہروں میں اداکار کی 11 مشہور فلموں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
شویتا بچن پانڈے کی جانب سے سوشل میڈیا پر امیتابھ بچن کی مشہور فلم دیوار کا ایک کلپ شیئر کیا گیا ہے، جو سنیما میں فلم دیکھتے ہوئے انہوں نے موبائل پر ریکارڈ کیا تھا۔
کلپ میں دکھایا جاتا ہے کہ کچھ غنڈے وجے کو ڈھونڈنے کے حوالے سے آپس میں بات کر رہے ہیں جبکہ امیتابھ بچن ان کے پیچھے کرسی پر بیٹھے دکھائی دیتے ہیں۔
’تم لوگ مجھے ڈھونڈ رہے ہو اور میں یہاں تمہارا انتظار کر رہا ہوں۔‘
اس مکالمے کے ساتھ ہی فلم دیکھنے والوں کی واہ، واہ، زبردست، بہت خوب جیسی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔
شویتا بچن نے ویڈیو کے ساتھ لکھا ’بڑی سکرین پر دیوار، کچھ فلمیں سدا بہار ہوتی ہیں۔‘
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ’بیک ٹو دی بیگننگ‘ کا ہیش ٹیگ بھی لگایا۔
اداکار رنویر سنگھ نے فوری اس پر فوری پسندیدگی کا اظہار کرنے والے ایموجیز لگائے۔
اسی طرح ڈائریکٹر زویا اختر نے بھی کچھ ایسا ہی کیا جبکہ کرن جوہر نے لکھا ’دیوار (فلم) زبردست ہے۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by S (@shwetabachchan)

ڈیزائنر منیش ملہوترا کپور اور سیما کرن سجدیہہ نے پوسٹ کے نیچے تالیاں بجانے کے ایموجیز لگائے۔
فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن نے امیتابھ بچن کی 80 ویں سالگرہ سے چند روز قبل فلم فیسٹیول کا اعلان کیا تھا۔
فیسٹیول میں 11 بلاک بسٹر فلمیں مفت دکھانے کا اعلان کیا گیا تھا جن میں امر اکبر انتھونی، ڈان، کالیا، کالا پتھر، کبھی کبھی، نمک حلال، دیوار، ملی، ستے پہ ستہ اور چپکے چپکے شامل ہیں۔
فیسٹیول کا اختتام کل 11 اکتوبر کو ہو گا۔
امیتابھ بچن نے اتوار کو فیسٹیول کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ’یہ وہ فلمیں ہیں جن میں میرا آغاز ہوا، ڈان اور ملی تقریباً 50 سال پرانی ہیں۔ یہ اب سنیما میں دکھائی جا رہی ہیں۔ امید ہے مزید کلاسک فلمیں بھی بڑی سکرین کی طرف لوٹیں گی۔‘
امیتابھ بچن وکاس بالا کی فلم ’گڈ بائے‘ میں دکھائی دیے تھے جبکہ ان کی اگلی آنے والی فلم کا نام ’اونچائی‘ ہے جس میں بومن ایرانی اور انوپم کھیر نے بھی کام کیا ہے۔

شیئر: