Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون نے بچپن کی دوست کو 18 سال بعد کیسے ڈھونڈ لیا؟

نیہا کی اس پوسٹ کو انسٹاگرام پر 7 لاکھ 70 ہزار مرتبہ لائک کیا گیا (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا میں رہنے والی ایک خاتون نے اپنے بچپن کی دوست کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنا کر ڈھونڈ لیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق نیہا نامی خاتون نے اپنے ساتھ لوئر کنڈرگارٹن میں پڑھنے والی بچپن کی دوست کو ڈھونڈنے کے لیے انسٹاگرام پر مخصوص اکاؤنٹ بنایا۔
ان کے مطابق ان کی بچپن کی دوست کا نام لکشیتھا ہے لیکن انہیں اپنی دوست کا پورا نام معلوم نہیں تھا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر فائنڈنگ لکشیتھا کے نام سے اکاؤںٹ بنایا اور اپنی دوست کی تصویر شیئر کی۔
خاتون نے انسٹاگرام اکاؤںٹ کی بائیو میں لکھا کہ ’میں طویل وقت سے بچھڑی اپنی بچپن کی سہیلی لکشیتھا جس کی عمر 21 ہے، اسے اور اس کے بھائی کنال کو ڈھونڈنے کے مشن پر ہوں۔

نیہا نے انسٹاگرام پر اپنی دوست کو ڈھونڈنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے تقریباً ہر لکشیتھا سے میسج پر بات کی۔
ان کی محنت بالآخر رنگ لے آئی اور ان کا اپنی دوست سے رابطہ ہو گیا۔
وہ اپنی پوسٹ میں کہتی ہیں کہ ’بالآخر تم مجھے مل گئی۔ تمہیں ڈھونڈنا آسان نہیں تھا لیکن میں نے کر دکھایا۔ تم سے 18 سال بعد رابطہ کر کے یقین نہیں آرہا۔ سنہ 2006 میں میری ایک دوست لوئر کنڈرگارٹن میں میرے ساتھ تھی۔‘
’وہ جے پور چلی گئی۔ میرا اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ مجھے اس کا پورا نام بھی یاد نہیں تھا اور پھر میں نے اسے ڈھونڈ لیا۔
نیہا کی اس پوسٹ کو انسٹاگرام پر 7 لاکھ 70 ہزار مرتبہ لائک اور 76 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

شیئر: