Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خدیجہ شاہ کی گرفتاری، پاکستانی حکام سے قونصلر رسائی مانگی ہے: امریکہ

ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ خدیجہ شاہ کیس پر پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں (فوٹو: روئٹرز)
امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ملزمہ خدیجہ شاہ کے کیس میں پاکستان سے قونصلر رسائی مانگی گئی ہے۔
بدھ کو امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’خدیجہ شاہ کے کیس کو فالو کر رہے ہیں اور پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’خدیجہ شاہ دوہری شہریت رکھتی ہیں اور ہم ان کے معاملے پر براہ راست پاکستان کی حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔‘ 
واضح رہے فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کی نواسی، سابق وفاقی وزیر سلمان شاہ کی بیٹی، پاکستان تحریک انصاف کی سپورٹر اور دوہری شہریت کی حامل ہیں۔ ان کو نو مئی کو لاہور میں کور کمانڈر کے گھر پر حملے کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
ویدانت پٹیل کے مطابق ’ہم بیرونی ممالک کی حکومتوں پر ہمیشہ زور دیتے آئے ہیں کہ جب بھی کسی امریکہ شہری کو حراست میں لیا جائے تو امریکی حکام کو اس تک قونصلر رسائی دی جائے۔‘

خدیجہ شاہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کے الزام کے تحت حراست میں ہیں (فوٹو: سکرین شاٹ)

ویدانت پٹیل سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے پاس ایسے امریکی شہریوں کی تعداد کے حوالے سے معلومات موجود ہیں جن کو عمران خان کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے گرفتار کیا گیا ہے؟
اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’میرے پاس کوئی خصوصی اعدادوشمار موجود نہیں ہیں تاہم میں ان کو چیک کروں گا۔
’یقیناً ایسے حالات جو کسی کے ذاتی تحفظات پر مشتمل ہوں ہمیں ان کا پھر سے جائزہ لینا پڑے گا۔‘
خیال رہے نو مئی کو لاہور میں کور کمانڈر کے گھر پر حملے کے بعد خدیجہ شاہ پولیس کو مطلوب تھیں تاہم وہ کئی روز تک روپوش رہیں اور بعدازاں ان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

شیئر: