Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باغ میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا، ’ن لیگ اور پی پی میں لڑائی کا آغاز ہوا چاہتا ہے‘

مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس نے سردار ضیا القمر کو ان کی جیت پر مبارک باد دی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے زِیرانتظام کشمیر کے ضلع باغ میں قانون ساز اسمبلی کی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر کامیاب ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو ہونے والے انتخاب کے غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر 25 ہزار 775 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس 20 ہزار 485 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے کرنل ضمیر نے چار ہزار 942 ووٹ حاصل کیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں مشتاق منہاس کو سردار ضیا القمر کو مبارک باد دیتے اور ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کچھ دیر قبل ٹوئٹر پر دعویٰ کیا تھا کہ ’مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر میں باغ کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں واضح برتری حاصل ہے۔ دھاندلی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ انشا اللہ جیت مسلم لیگ ن کی ہو گی۔ ممکن نہیں کہ کچھ پولنگ سٹیشنز پر 80 سے 90 فیصد پولنگ ہو جائے۔ باقی جگہ 30 سے 39 فیصد ہے۔ رزلٹ لیے بغیر نہیں جائیں گے۔‘
تاہم اس پوسٹ کے کچھ ہی دیر بعد انہوں نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ کیا ہو رہا ہے؟ لگتا ہے یہیں پر 80 سے 90 فیصد پولنگ ہوئی۔‘
اس پر ایک صارف نے کہا کہ ’نون لیگ اور پیپلز پارٹی میں لڑائی کا باقاعدہ آغاز ہوا جاتا ہے۔‘
پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی نے ٹھپے لگانے والا کام کشمیر میں بھی دکھا دیا۔۔۔ دھاندلی نا منظور۔‘

ضلع باغ کی یہ سیٹ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
سردار تنویر الیاس پاکستان تحریک انصاف کے وزیراعظم تھے تاہم انہوں نے اپنی نااہلی اور وزارت اعظمیٰ ختم ہونے کے بعد پارٹی چھوڑ دی اور برملا عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہ اب جہانگیر خان کی نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ میں شامل ہو گئے ہیں۔

شیئر: