Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پسندیدہ ملازمت تلاش کرنے کے لیے کون سی باتیں ضروری ہے؟

پسندیدہ ملازمت کی تلاش سے قبل ضروری ہے کہ خود سے دریافت کریں کہ  ملازمت کے لیے کون سا ماحول مجھے خوش رکھ سکے گا؟ 
سوال کے بعد اس کا جواب تلاش کرنے کے لیے آپ ایک صفحے پر ملازمتوں کی ایک فہرست مرتب کریں جس میں مثالی ملازمتوں کے تقاضے درج کریں، اگرچہ یہ کوئی پیچیدہ عمل نہیں ہے تاہم بیشتر افراد ملازمتوں کو مجبوری کے طور پر برداشت کرتے ہیں۔
ملازمت سے متعلق سیدتی میگزین میں شائع اس مضمون میں پسندیدہ ملازمت کی تلاش کے لیے اہم نکات پیش کیے جا رہے ہیں۔
سعد محمد الحمودی ایک مصنف ہیں جنہوں نے ’آپ کی ذات ، ایک برانڈ‘ کےعنوان سے لکھی کتاب میں پسندیدہ ملازمت کی تلاش کے حوالے سے اہم نکات درج کیے ہیں جو کچھ اس طرح ہیں۔۔۔
1۔ ایسے اداروں کی فہرست مرتب کریں جہاں ملازمت کے مواقع کی فراہمی کے اشتہار دیے گئے ہوں، مذکورہ کمپنیوں یا اداروں کے بارے میں معلومات حاصل کریں وہاں جائیں یا ان کی ویب سائٹ کا مسلسل وزٹ کریں۔ 
2۔ ملازمت کی تلاش کے لیے تعلقات اور واقف کاروں کا حلقہ وسیع ہونا اہم ہوتا ہے۔ اس لیے اس اہم نکتے کو فراموش نہ کیا جائے۔ کیونکہ رشتہ داروں اور واقف کاروں کے تعلقات دیے گئے اشتہارات سے زیادہ اہمیت کے حامل ثابت ہو سکتے ہیں۔ 
3۔ من پسند ملازمت کی تلاش کے لیے مختلف ویب سائٹس یا عرب ممالک میں قائم ملازمت کے اداروں سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔ 
مصنف نے اس حوالے سے بعض اہم امور بھی بیان کیے ہیں جو درج ذیل ہیں: 
اسناد: ملازمت کے حصول کے لیے تعلیمی اسناد انتہائی اہم اور بنیاد ہوتی ہیں۔ 
مہارت یا صلاحیت: بہتر ملازمت کی تلاش کے لیے مختلف فیلڈز میں پیشہ ورانہ صلاحیت کافی اہم ہوتی ہے جس کی بنیاد پر آپ کی صلاحیت نمایاں ہوتی ہے۔

اپنی قابلیت میں اضافے اور نکھار کے لیے مختلف ورکشاپس میں شرکت کریں (فوٹو: فری پِک)

تجربہ: تعلیمی اسناد کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ مہارت ثابت کرنا بھی اہم ہوتا ہے۔ 
قابلیت میں اضافہ: اپنی قابلیت میں اضافے اور نکھار کے لیے مختلف ورکشاپس میں شرکت کریں تاکہ اپنی قابلیت میں اضافہ کر سکیں، معلومات کے حصول کا عمل جاری رکھیں۔ 
ڈیجیٹل قابلیت میں اضافہ: وقت حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال میں مہارت پیدا کریں جن میں ہر گزرتے دن کے ساتھ جدت پیدا ہو رہی ہے۔ 

پسندیدہ ملازمت کے لیے اہم نکات 

فلوریڈا یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر پسندیدہ ملازمت کے حصول کے لیے چند نکات بیان کیے گئے ہیں جو درج ذیل ہیں۔ 
ملازمت کے اعتبار سے مناسب سی وی تیار کریں۔ 
سی وی کے لیے جو انداز اور جملے استعمال کیے جائیں، ان سے یہ ظاہر ہونا چاہیے کہ آپ ملازمت کے لیے مناسب ترین شخصیت ہیں اور اس میدان میں آپ مہارت رکھتے ہیں۔ 
سی وی میں اپنا مکمل نام، پیشہ ورانہ قابلیت اور اہلیت درج کریں۔ تازہ پروفائل پکچر بھی لگائیں۔

زیادہ تر بڑی کمپنیوں میں خالی ہونے والی آسامیوں کے بارے میں ذاتی رابطوں سے ہی اہم معلومات ملتی ہیں۔ (فوٹو: فری پِک)

 وہی ملازمتیں تلاش کریں جو آپ کی پسند کی ہوں اور آپ ان میں مہارت رکھتے ہوں، ایسی ملازمتیں جو آپ کی قابلیت سے متعلق نہیں، ان کے لیے درخواست نہ دیں۔ 
مختلف نوعیت کے سماجی رابطوں میں شامل ہوں۔ اپنے حلقہ احباب کو وسیع کریں کہ زیادہ تر بڑی کمپنیوں میں خالی ہونے والی آسامیوں کے بارے میں ذاتی رابطوں سے ہی اہم معلومات ملتی ہیں۔ 
جس ملازمت کے لیے درخواست دی گئی ہو اور وہاں سے ایک ہفتے تک رابطہ نہ کیے جانے کی صورت میں آپ خود رابطہ کریں اور اس امر کا اظہار کریں کہ آپ اس ملازمت کے حصول کے لیے کافی سنجیدہ ہیں۔ 

شیئر: