Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہریوں کے نام پر کاروبار کرنے والے غیرملکیوں کو انتباہ

غیرملکی شہریوں کو سزا ختم ہونے کے بعد بے دخلی کا سامنا کرنا ہو گا۔ (فوٹو المرصد)
مصری وزارت نے مصری شہریوں کو سعودی عرب میں قانون کے منافی ذاتی کاروبار کے سزاؤں سے متعلق خبردار کیا ہے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق مصری وزارت اووریسز نے کہا کہ سعودی قانون کے بر خلاف جو غیرملکی ملازم مملکت میں نجی کاروبار کرتے ہوئے پایا جائے گا اسے 50 ہزار ریال جرمانہ، چھ ماہ تک قید اور سزا ختم ہونے کے بعد بے دخلی کا سامنا کرنا ہو گا۔ 
سعودی قانون تجارت کے تحت جو نجی ادارہ روزگار قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کو ملازمت فراہم کرے گا، انہیں اپنے نام سے نجی کاروبار کا موقع فراہم کرے گا، کسی اور کے توسط سے ایسا کرنے کی اجازت دے گا یا کسی اور ادارے یا شخص کے عملے کو اپنے یہاں ملازمت فراہم کرے گا اسے 50 ہزار ریال جرمانے کی سزا ہو گی۔ علاوہ ازیں اسے پانچ برس تک افرادی قوت کی درآمد کے حق سے بھی محروم کر دیا جائے گا۔ 
سعودی قانون کے تحت اگرغیرقانونی سرگرمیوں کا ذمہ دار کوئی غیرملکی مینجر ہو گا تو اسے ایک  برس تک قید کی سزا ہو گی اور سزا مکمل ہونے پر اسے مملکت سے بے دخل کر دیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ مصر میں اوورسیز امور کی وزیر مملکت سھا جندی اور قاہرہ میں سعودی لیبر اتاشی فیصل العتیبی ان دنوں مصر میں سعودی قوانین محنت کے حوالے سے آگہی مہم چلا رہے ہیں جسے ’اپنا حق پہچانو اور مطمئن ہو جاؤ‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔
اس کا مقصد ان مصری شہریوں کو جو ملازمت کی غرض سے سعودی عرب میں ہیں انہیں ان کے حقوق و فرائض سے آگاہ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ مملکت میں سعودی شہری کے نام پر کاروبار کرنا منع ہے۔ اس پر سخت سزائیں مقرر ہیں جبکہ غیرملکی کو سزا اور جرمانے کے بعد مملکت سے بے دخل کر دیا جاتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: