رابطہ عالم اسلامی کی جنین پراسرائیلی جارحیت کی مذمت
جمعرات 6 جولائی 2023 9:33
اسرائیل کی جانب سے سنگین خلاف ورزیوں کومسترد کرتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
رابطہ عالم اسلامی نے فلسطینی شہر’جنین‘ کے نہتے شہریوں پراسرائیل کی جانب سے ہونے والی جارحیت پر دوبارہ باربھرپورانداز میں مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق رابطہ کی جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری جنرل اورمسلم علما کونسل کے صدرشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کونسل کی جانب سے فلسطینی شہر جنین پراسرائیل کی جانب سے مسلسل جارحیت بھرپورمذمت کرتے ہوئے بے گناہ جانوں کے بھاری نقصان پراظہار افسوس کیا ہے‘۔
انہوں نے مسئلے کے حل کےلیے جامع اورمنصفانہ کوششوں پرکام کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ امن کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کوکامیاب اورموثر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ایسے تمام امور کا سد باب کیا جائے جو قیام امن کی راہ میں رکاوٹ اورمعصوم جانوں کے ضیاع کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی کی جانب سے ہرطرح کی سنگین خلاف ورزیوں کو مسترد کرتے ہوئے ایک بارپھراسرائیلی جرائم کی بھرپورمذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جو کچھ کیا جارہا ہے وہ بین الاقوامی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ڈاکٹرالعیسی نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کےلواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ۔