Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنین میں امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ پر فکر مند ہیں، اقوام متحدہ

کیمپ میں شدید زخمی پناہ گزینوں کی مرہم پٹی کے لیے داخلے سے روکا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے جنین میں اسرائیل کی جانب سے کئے جانے والے سرچ آپریشن پر منگل کے روز اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے شدید زخمی افراد تک طبی امداد کے لیے جنین قصبے میں داخلے میں رکاوٹ پیدا کی ہے جس کے بارے میں فکر مند ہیں۔
اقوام متحدہ میں انسانی ہمدردی کے  رابطہ دفتر کی ترجمان وینیسا ہیوگینن نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے جنین میں اسرائیلی فضائی اور زمینی کارروائیوں اور پناہ گزینوں کے  گنجان آباد کیمپ کو نشانہ بنانے والے فضائی حملوں سے تشویش ہے۔
وینیسا ہیوگینن نے تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ گذشتہ روز ہلاک ہونے والے فلسطینیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پیر کو اسرائیلی فورسز نے فلسطینی قصبے جنین میں نہتے شہریوں پر حملہ کیا جس میں دس فلسطینی ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اس موقع پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ترجمان کرسچن لنڈمیئر نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے عائد پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے جینین کے کیمپ میں موجود شدید زخمی  پناہ گزیں افراد کی مرہم پٹی کے لیےان تک پہنچنے سے روک دیا گیا ہے۔

شیئر: