انڈیا کی ویسٹ انڈیز کو شکست، ہاردک پانڈیا میزبان ٹیم سے سخت نالاں
انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی20 میچوں کی سیریز کا آغاز 3 اگست سے ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں انڈیا نے میزبان ٹیم کو 200 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔
انڈیا نے تیسرے ون ڈے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے شبھمن گِل نے 85، ایشان کِشن نے 77 اور کپتان ہاردک پانڈیا نے 70 رنز سکور کیے۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 352 کے ہدف کے جواب میں 151 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
انڈیا کی طرف بولنگ کرتے ہوئے شاردُل ٹھاکر نے چار، مکیش کمار نے تین اور کلدیپ یادو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہاں واضح رہے کہ انڈیا نے سیریز کے پہلے میچ کے بعد دوسرے اور تیسرے میچ میں ٹیم کے کپتان روہت شرما اور سٹار بیٹر وراٹ کوہلی کو مسلسل کھیلنے کے باعث آرام کرنے کا موقع دیا تھا۔ روہت شرما کی عدم موجودگی میں اِن دونوں میچز میں ہاردک پانڈیا نے ٹیم کی کپتانی کی۔
میچ کی اختتامی تقریب کے دوران بات کرتے ہوئے ہاردک پانڈیا نے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی گئی سہولیات پر تنقید کی اور خاصے نالاں نظر آئے۔
ہاردک پاںڈیا نے شکوہ کیا کہ انہیں (انڈین ٹیم کو) کو لگژری سہولیات نہیں چاہییں لیکن کچھ بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جانا چاہیے۔
آل راؤنڈر کھلاڑی نے مزید کہا کہ ’یہ گراؤںڈ اُن خوبصورت گراؤںڈز میں شامل ہے جہاں میں کھیلا ہوں۔ جب ہم پچھلی مرتبہ ویسٹ انڈیز کے دورے پر آئے تھے تو اُس کی نسبت اس مرتبہ بہت سی چیزیں ٹھیک ہو سکتی تھیں جیسے کے ٹریولنگ اور باقی تمام چیزیں۔ پچھلی مرتبہ بھی کچھ مسائل پیدا ہوئے یعنی ویسٹ انڈین بورڈ کی جانب سے سہولیات اچھی نہیں تھیں، لہٰذا ویسٹ انڈین بورڈ کو اِن چیزوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ ہمیں لگژری سہولیات نہیں چاہیں لیکن کچھ بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جانا چاہیے۔‘
خیال رہے کہ انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کا آغاز جمعرات 3 اگست سے ہوگا۔