Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آپ آئی فون کے یہ دو ماڈل ستمبر سے پہلے اپ گریڈ کرلیں

نئے آپریٹننگ سسٹم آنے کے بعد کچھ آئی فون ماڈلز کی ویلیو 50 فیصد تک کم ہو جائے گی (فائل فوٹو: پینگ فونز ٹوئٹر)
رواں برس ستمبر میں ایپل اپنا نیا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 17 لانچ کرنے والا ہے جس کے بعد آئی فون میں نئے فیچرز دیکھنے کو ملیں گے۔
ڈیلی میل کے مطابق اس نئے آپریٹننگ سسٹم آنے کے بعد کچھ آئی فون ماڈلز کی ویلیو 50 فیصد تک کم ہو جائے گی۔
آئی او ایس 17 آنے کے بعد 2017 میں ریلیز ہونے والے آئی فون 8 اور آئی فون 10 اس نئے آپریٹننگ سسٹم پر نہیں چل پائیں گے جس کے بعد ٹیکنالوجی کے ماہرین صارفین کو یہ موبائل فونز فروخت یا تبدیل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
آئی فون ایکس کی ٹریڈ اِن ویلیو ابھی 190 ڈالر ہے جبکہ آئی فون 8 کی 90 ڈالر اور آئی فون 8 پلس کی 152 ڈالر ہے۔
گذشتہ برس جب آئی او ایس 16 آیا تھا تو آئی فون 7 پلس کی ٹریڈ اِن ویلیو جون 2022 میں کم ہو کر 80 ڈالر رہ گئی تھی جبکہ آئی فون 6 ایس پلس 94 ڈالر سے کم ہو کر 47 ڈالر کا ہوگیا تھا۔
یہاں واضح رہے کہ آئی فون ٹین 2017 میں ایپل کے آئی فون پروڈکٹ کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا۔ یہ پہلا آئی فون تھا جس میں ٹچ آئی ڈی کے بجائے فیشل آئی ڈی نصب کی گئی تھی۔
اس فون کے آنے کے بعد آئی فونز میں ایک بڑی جدت دیکھنے میں آئی، تاہم اُس وقت آئی فون 8 بھی ایپل بینوں کا ایک نہایت پسندیدہ فون رہا تھا۔
ایپل کے مطابق دنیا بھر میں آئی فون 8 اور 8 پلس کی 8 کروڑ 63 لاکھ ڈیوائسز فروخت ہوئیں جس کے بعد یہ فون سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز کی فہرست میں شامل ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی فون 8 اور آئی فون 10 فروری 2020 سے مارکیٹ میں آنا بند ہوگئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 8 اور 10 کی قیمتیں 50 فیصد تک گرنے کا امکان ہے۔
’آئی او ایس 17 کی اپڈیٹ آئی فون 8 اور آئی فون 10 پر نہیں چلے گی جس کا مطلب یہ ہے کہ فون پر ضروری سکیورٹی اپڈیٹس موصول نہیں ہوں گی جس کے بعد فون کا ڈیٹا ہیکرز کے لیے ہیک کرنا آسان ہوگا۔‘

آئی او ایس 17 میں صارفین کو جدید فیچرز ملیں گے جس میں سفاری پرائیویٹ براؤزنگ اور ایپل چائلڈ پروٹیکشن بھی شامل ہیں (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)

آئی او ایس 17 میں صارفین کو بڑے پیمانے پر جدید فیچرز ملیں گے جس میں سفاری پرائیویٹ براؤزنگ اور ایپل چائلڈ پروٹیکشن بھی شامل ہیں۔
نئے آپریٹنگ سسٹم میں فون میں محفوظ نمبروں کے لیے کانٹیکٹ کارڈ کا فیچر شامل ہوگا جبکہ اس میں سٹینڈ بائی موڈ بھی ریلیز کیا جائے گا۔
آئی او ایس 17 میں کی بورڈ اپڈیٹس سمیت آٹو کریکٹ کا آُپشن بھی دیا جائے گا۔
بہت سے آئی فون صارفین نے شکایت کی تھی کہ اُن کے الفاظ غلط طریقے سے آٹو کریکٹ ہو رہے ہیں جس کے بعد ایپل نے نیا لینگوئج ماڈل آئی او ایس 17 میں شامل کیا ہے۔
 اس کے بعد اگر سسٹم کی جانب سے لفظ کو غلط آٹو کریکٹ کیا جائے تو اس میں موجود شارٹ کٹ سے وہ ٹھیک لفظ لکھ دیا جائے گا۔
آئی او ایس 17 میں ’نیم ڈارپ‘ کا آپشن بھی ڈالا جائے گا جس کے بعد صارفین آسانی سے ایک دوسرے سے اپنی کانٹیکٹ انفارمیشن شیئر کر پائیں گے۔
اس اپڈیٹ کے بعد صارفین اپنا پوسٹر بھی بنا سکیں گے جو کہ کال کے وقت دوسرے صارف کے ڈسپلے پر نظر آئے گا۔

شیئر: