Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سیاحوں کی تعداد میں زبردست اضافہ، تعداد کورونا سے قبل کی سطح پر

رپورٹ کے مطابق ’مشرق وسطیٰ کی سیاحت کا شعبہ وبا کے اثر سے نکل آیا ہے اور اس میں بہتری دیکھی جا رہی ہے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب میں سنہ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کے سیاحت کے شعبے میں زبردست بحالی دیکھنے میں آئی ہے۔
عرب نیوز نے ایچ ایس بی سی گلوبل ریسرچ کی ایک حالیہ رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’ملک میں سیاحوں کی آمد تقریباً وبا سے پہلے کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔‘
اسی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی سیاحت کا شعبہ وبا کے اثر سے نکل آیا ہے اور اس میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ 
اہم بات یہ ہے کہ اس خطے میں 2023 کے پہلے چھ ماہ کے دوران سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا آیا ہے اور یہ 2019 کے اعدادوشمار کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔
اسی طرح یورپ میں بھی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے اور ان کی تعداد کورونا کی وبا سے قبل کی تعداد کے 90 فیصد کے برابر پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں سیاحت میں مشرق وسطیٰ کی اہمیت اُجاگر کی گئی ہے، جس کا مجموعی قومی پیداوار میں سب سے زیادہ یعنی پانچ حصہ ہے جو کہ جاری بحالی کے دوران آئندہ سال خطے میں ممکنہ صلاحیت نشاندہی کرتی ہے۔
سعودی عرب کے علاوہ اسی سہ ماہی کے دوران ترکی میں بھی سیاحوں کی بڑی تعداد نظر آئی۔
اسی رپورٹ کے مطابق ایشیا پیسیفک ریجن میں بھی سیاحت کے شعبے میں بہتری دیکھی گئی ہے اور اس کا حصہ خطے کی مجموعی قومی پیداوار کے چار فیصد کے برابر ہے۔

رپورٹ کے مطابق ’سیاحوں کی آمد کے لحاظ سے سعودی عرب اور قطر سرفہرست ہیں جبکہ ترکی چوتھے نمبر پر ہے‘ (فائل فوٹو: ایس پی اے)

رپورٹ کے مصنف اور ماہر معاشیات میتری داس کا کہنا ہے کہ ’سیاحت کی کارکردگی کے لحاظ سے سب سے زیادہ بہتری مشرق وسطیٰ میں دیکھنے میں آئی۔‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ ’مشرق وسطیٰ، کورونا کی وبا کے بعد سیاحوں کی سب سے زیادہ تعداد کو متوجہ کرنے والا دنیا کا پہلا خطہ بن گیا ہے۔‘
’بین الاقوامی سطح پر 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیاحوں کی آمد کے لحاظ سے سعودی عرب اور قطر سرفہرست ہیں جبکہ ترکی چوتھے نمبر پر ہے۔‘

شیئر: