Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اقتصادی ترقی اور امن و استحکام کی پالیسی پر گامزن، کابینہ کا اجلاس

مختلف ممالک کے ساتھ عالمی تعاون کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ کے اجلاس میں متعدد ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام اور فروغ زرعی فنڈ  قانون کی منظوری دی گئی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے  کے مطابق شاہ  سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منگل کو کابینہ کا اجلاس جدہ کے قصر السلام میں منعقد ہوا۔ 
 شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کو زیمبیا، انگولا، سیشلز اور جزائر کوموروس کے سربراہوں سے ملنے والے پیغامات سے آگاہ کیا۔ 
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد بتایا ’ کابینہ نے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ عالمی تعاون کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ہے‘۔
’سعودی عرب اقتصادی ترقی اور امن و استحکام کے لیے سازگار حالات کی فراہمی اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں مشترکہ جدوجہد اور کثیر فریقی طریقہ کار کی پالیسی پر گامزن ہے‘۔  
 کابینہ نے کہا کہ ’سعودی عرب بین الاقوامی معیشت کی خوشحالی کے لیے بھرپور تجارتی تعاون چاہتا ہے۔ جی 20 کے پلیٹ فارم سے اس کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سعودی وژن 2030، علاقائی و بین الاقوامی دائروں میں سعودی معیشت کے استحکام کے لیے مختلف اقدامات بھی اسی پالیسی کے تحت ہیں‘۔ 
کابینہ نے اجلاس کے دوران متعدد امور کے بارے میں 13 قراردادیں منظور کی ہیں۔ 
اجلاس میں سینٹ ونسنٹ اور گریناڈاز، آزاد ریاست ساموا، جمہوریہ ناورو، جمہوریہ کریباتی، مائیکرونیشیا  اور آزاد ریاست پاپوا نیو گنی کے ساتھ سفارتی تعلقات، وزیر اسلامی امور اور یوگنڈا کی اسلامی سپریم  کورنسل  کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ 
 وزیر صنعت و معدنیات کو معدنیات کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت ، براہ راست سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں تعاون سے متعلق  جمہوریہ سلواکیہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات کا اختیار وزیر سرمایہ کاری اور سنگاپور کے ساتھ  سٹینڈرڈ کے حوالےسے مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات کا اختیار وزیر تجارت کو تفویض کیا۔ 
کابینہ نے سری لنکا کے  ساتھ انکم ٹیکس اور دہرے ٹیکس کے حوالے سے معاہدے کی منظوری دی۔ 
کابینہ نے بیرونی فضا کے پرامن استعمال کے لیے تعاون کے حوالے سے جاپان کے  ساتھ  مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات کا اختیار وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کو تفویض کیا۔ 
 سماجی کفالت کے شعبے میں تعاون کے لیے مراکش اور اردن کے  ساتھ مذاکرات کا اختیار وزیر خزانہ اور سمندری جہازوں کے عدالتی سودے  سے رونما ہونے والے بین الاقوامی نتائج سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدے پر دستخط کا اختیار وزیر تجارت کو تفویض کیا گیا۔
کابینہ کے اجلاس میں فروغ زراعت فنڈ قانون کی منظوری بھی دی گئی۔ 
اجلاس میں سرکاری اداروں پر پابندی عائد کی گئی کہ وہ ناقل سے معاہدے کے وقع اس بات کی یقین دہانی حاصل  کریں کہ وہ ٹرانسپورٹ پبلک اتھارٹی سے جاری ہونے والے ٹرک آپریشنل کارڈ کے نظام پر عمل  پیرا ہیں یا نہیں۔ ایسے ٹرک جن کا مجموعی وزن 3500 کلو گرام سے زیادہ ہو ان کے لیے ٹرانسپورٹ پبلک اتھارٹی سے آپریشنل کارڈ حاصل کرنا ضروری ہے۔ 

شیئر: