Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت کی جانب سے امت کو رمضان کی مبارکباد

ریاض .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رمضان المبارک کی آمد پرسعودی عوام اور امت مسلمہ کے نام اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ سعودی عرب انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے اور مسلمانوںکے اتحاد کیلئے جملہ وسائل بروئے کار لائے ہوئے ہے۔ آئندہ بھی اپنا یہ مشن جاری رکھے گا۔ امت مسلمہ کا پراگندہ شیرازہ جمع کرنا سعودی عرب کا مشن ہے۔انہوں نے رمضان المبارک کی نعمتیں، برکتیں رحمتیں سمیٹنے کا موقع عطا کرنے پر رب کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں روزے رکھنے اور رمضان کی راتیں عبادت میں گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ شاہ سلمان نے حرمین شریفین اور ان کے زائرین کی خدمت کرتے رہنے کی سعادت بخشنے کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہمارے لئے باعث فخر وناز اعزاز ہے۔ شاہ سلمان نے مسلمانان عالم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ بحرانوں ، چیلنجوں اور خطرات میں گھری امت کو پیغمبر اسلام محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت کے مطابق سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جانا چاہئے۔ ہم سب کو ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونا لازم ہے۔ سعودی عرب بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے دور سے لیکر اب تک مسلمانوں کے اتحاد او رپراگندہ شیرازہ جمع کرنے کےلئے جملہ وسائل بروئے کار لائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دن قبل ریاض شہر میں مسلم قائدین کا اجتماع ہمارے اس جذبے اور ہماری اس کاوش کا روشن ثبوت ہے۔یہ اجلاس اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ ہم ہرطرح کی دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے ، بنی نوع انساں کو دہشتگردی کی آفتوں اور سنگین نتائج سے بچانے کے سلسلے میں سنجیدہ ہیں۔ شاہ سلمان نے کہا کہ ہم اس بات پر اللہ کی حمد وثناءبیان کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں انتہا پسندانہ افکار کے انسداد کیلئے عالمی مرکز کے قیام کی توفیق عطا کی۔ اسلام رحمدلی، میانہ روی ، اعتدال پسندی اور پرامن بقائے باہم کا علمبردار مذہب ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے دین کو عزت بخشے، کلمہ حق کا بول بالا کرے۔ ہمارے روزے ، شب بیداری اوراعمال صالحہ کو شرف قبولیت بخشے۔ دریں اثناءخادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف، نائب ولی عہد و وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے رمضان المبارک کی آمد پر مسلم ممالک کے بادشاہوں ، صدور اور فرمانرواﺅں کو مبارکباد دی اور امت مسلمہ کو رمضان کی نعمتیں بار بار سمیٹنے کی توفیق عطا کرنے کی دعا کی۔ دوسری جانب شاہ سلمان، شہزادہ محمد بن نایف اور شہزادہ محمد بن سلمان کو مسلم قائدین نے بھی رمضان کی آمد پر مبارکباد کے پیغام بھیجے۔
 

شیئر: