Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابراعظم نے وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑدیا، بحیثیت کپتان تیز ترین دو ہزار رنز بنالیے

بابر اعظم نے ون ڈے فارمیٹ میں لگاتار چھ ففٹیاں بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہوا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا اوروہ بطور کپتان ون ڈے فارمیٹ میں تیز ترین دو ہزار رن بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بابر اعظم نے ون ڈے فارمیٹ میں بطور کپتان 31 اننگز میں دو ہزار رن بنائے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
پاکستانی کپتان نے یہ اعزاز لاہور میں بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف ایشیا کپ کے میچ میں حاصل کیا ہے۔
بابر اعظم نے یہ ریکارڈ قائم کرتے ہوئے وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑا ہے جنہوں نے بحیثیت کپتان 36 اننگز میں دو ہزار رن بنائے تھے۔
اِن دونوں کے علاوہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ کی 41 اننگز میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
اگر ون ڈے فارمیٹ میں بابر اعظم کے دیگر ریکارڈز کی بات کی جائے تو وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ اوسط رکھنے والے بیٹرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے فارمیٹ میں اُن کی اوسط 59.47 کی ہے۔
اسی طرح وہ ون ڈے فارمیٹ میں سب سے تیز پانچ ہزار رنز بنانے والے بھی بیٹر ہیں۔ انہوں نے 97 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا۔
بابر اعظم ایک ملک میں پانچ سینچریاں بنانے کا بھی منفرد ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یو اے ای میں پانچ سینچریاں سکور کی ہوئی ہیں۔

بابر اعظم نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز 2015 میں زمبابوے کے خلاف سیریز سے کیا تھا۔ (فوٖٹو: پی سی بی)

اسی طرح 28 برس کے سپرسٹار بیٹر دو مرتبہ آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر بھی قرار پائے ہیں۔
صرف یہ ہی نہیں بابر اعظم نے ون ڈے فارمیٹ میں لگاتار چھ ففٹیاں بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہوا ہے۔
وہ دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو مرتبہ لگاتار تین ون ڈے میچوں میں سینچریاں سکور کی ہیں۔
واضح رہے بابر اعظم نے اب تک ون ڈے فارمیٹ میں 19 سینچریاں اور 28 ففٹیاں سکور کر رکھی ہیں جبکہ اُن کا ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ سکور 158 ہے۔
 

شیئر: