Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: پاکستان اور انڈیا کا آج کا میچ بارش کے باعث ملتوی، باقی ماندہ میچ کل ہوگا

انڈین ٹیم میں جسپرت بمراہ کی واپسی ہوئی جو نیپال کے خلاف میچ نہیں کھیلے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان سپر فور مرحلے کا آج کا  میچ بارش کی نظر ہوگیا۔ 
اتوار کو کولمبو میں جاری میچ میں انڈین ٹیم نے بارش شروع ہونے سے پہلے تک 24.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔
بار بار بارش کی وجہ سے ایمائر نے آج کا میچ ختم کرنے کا اعلان کیا۔ چونکہ میچ کے لیے ریزرو دن رکھا گیا تھا اس لیے اب یہ میچ کل ہوگا۔
انڈیا آج کے سکور ( دو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنرز) پر اپنی اننگز کی شروعات کل پاکستانی وقت کے مطابق تین بجے کرے گا۔
قبل ازیں انڈیا کی پہلی وکٹ کپتان روہت شرما کی گری جو 56 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد دوسرے اوپنر سبھمن گِل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 58 رن بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
انڈیا کی اوپننگ جوڑی نے شاندار بلے بازی کا مظاہری کیا اور 123 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔
 پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے انڈیا کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
بارش، میچز کے شیڈول کی تبدیلی میں رکاوٹیں اور کھیل کے لیے مناسب موسمی حالات میں اچانک تبدیلی نے 2023 کے ایشیا کپ کو افراتفری کا شکار کیا ہے۔
پاکستان میں انڈین ٹیم کے کھیلنے کے لیے نہ آنے کے بعد ٹورنامنٹ کے کچھ میچز سری لنکا منتقل کیے گئے۔
پالیکیلے میں بارش سے انڈیا اور پاکستان جیسے روایتی حریفوں کے مابین کھیلا گیا پہلا میچ مکمل نہ ہو سکا اور اب اس میچ پر بھی غیریقینی موسم کے گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
نیپال کے خلاف بھی انڈیا کا میچ بارش سے متاثر ہوا۔
پالیکیلے میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 266 رنز بنائے تھے تاہم بارش کے باعث پاکستان کی اننگز شروع ہی نہ ہوسکی تھی۔

شیئر: