Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف یوٹیوبر’آئی شو سپیڈ‘ شدید بیمار، ’میرے لیے دعا کریں‘

سپیڈ اپنے ٹریول وی لاگ کے سلسلے میں جاپان میں موجود تھے جہاں وہ بیمار پڑ گئے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
معروف امریکی یوٹیوبر ’آئی شو سپیڈ‘ شدید علالت کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں۔
آئی شو سپیڈ نے اتوار کے روز یوٹیوب پر اپنی ویڈیو جاری کی جس میں وہ بیماری کے حالت میں ہسپتال میں داخل ہیں۔
سپیڈ کی یوٹیوب پر ریلیز ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اُن کی دائیں آنکھ بری طرح سے سوزش کا شکار ہے اور انہوں ںے سر پر پٹی باندھ رکھی ہے۔
آئی شو سپیڈ نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ انہیں کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ انہیں کیا ہوا ہے اور انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے کسی نے اُن کی آنکھ میں چاقو گھونپ دیا ہے۔
سپیڈ اپنے ٹریول وی لاگ کے سلسلے میں جاپان میں موجود تھے جہاں وہ بیمار پڑ گئے۔
اس کے بعد انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں تصویر شیئر کی جس میں ان کی آنکھ کی سوزش کو قدرے کم دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’براہ کرم میرے لیے دعا کریں، میں آپ سب کی منت کرتا ہوں۔ مجھے اس کی ضرورت ہے۔‘
پیر کے روز یوٹیوب پر اپنی دوسری ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’میں گھر جانا چاہتا ہوں اور آپ سب کے لیے سٹریمنگ کرنا چاہتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اُن کی دائیں آنکھ اور سر میں درد ہے، ’میری آنکھ اور سر دونوں سُن ہیں اور انہیں سر درد محسوس ہو رہا ہے۔‘
سپیڈ نے ویڈیو میں روتے ہوئے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی التماس کی۔

آئی شو سپیڈ کون ہیں؟

آئی شو سپیڈ امریکہ سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر، وی لاگر اور آن لائن سٹریمر ہیں۔ وہ یوٹیوب پر ایک کروڑ 88 لاکھ (18.8 ملین) سبسکرائبرز رکھتے ہیں۔ سپیڈ کا اصلی نام ڈیرن واٹکنز جونیئر ہے اور ان کی عمر وکی پیڈیا کے مطابق 18 برس ہے۔
سپیڈ پرتگال کے عظیم فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے بہت بڑے مداح ہیں۔ انٹرنیٹ پر اُن کی شہرت کی ایک خاص وجہ رونالڈو بھی ہے۔

یوٹیوبر نے رواں برس 18 جون کو رونالڈو سے ملاقات بھی کی تھی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by IShowSpeed (@ishowspeed)

انہوں نے رواں ماہ جاپان میں برازیل اور فرانسیسی کلب پی ایس جی (پیرس سینٹ جرمین) کے مشہور کھلاڑی نیمار سے بھی ملاقات کی۔
آئی شو سپیڈ کی ٹویٹ پر صارفین کی جانب سے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by IShowSpeed (@ishowspeed)

انٹرنیٹ پرسنیلٹی حسب اللہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ  ’بھائی، آپ اس مشکل وقت سے نکل جاؤ گے۔‘
فیز بینکس نے اس بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’آپ واپس ضرور آؤ گے اور پہلے سے بھی بہتر ہو کر واپس آؤ گے۔ یہ کائنات آپ سے پیار کرتی ہے۔ ہم سب آپ سے پیار کرتے ہیں۔ آپ کو ایسی حالت میں دیکھ کر بہت برا محسوس ہو رہا ہے۔‘
 
فری نامی ٹوئٹر ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ ’ہم آپ کو کھو نہیں سکتے بھائی، خدا آپ کو جلدی سے صحت یاب کر دے۔‘

شیئر: