Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مستونگ اور ہنگو میں حملوں کے مقدمات درج، بلوچستان میں سوگ

پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کے جسم کے نمونے شناخت کے لیے فرانزک لیب بھیجے گئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں کیے گئے خودکش حملوں کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ دوسری جانب امریکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت کئی ممالک نے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
مستونگ خودکش حملے کا مقدمہ کوئٹہ کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پولیس سٹیشن میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ابھی کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔ 
بلوچستان میں مستونگ دھماکے میں 52 افراد کی ہلاکت کا تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔ اور سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں ہے۔
کوئٹہ میں نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی صدارت میں اعلٰی سطح کا اجلاس ہو گا۔
ادھر ہنگو کے دوآبہ پولیس سٹیشن کی مسجد پر حملے کا مقدمہ کوہاٹ ریجن کے سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کے جسم کے نمونے شناخت کے لیے فرانزک لیب بھیجے گئے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ، سعودی عرب اور کویت نے پاکستان میں کیے گئے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے متاثرہ پاکستانی خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام شہری بلاخوف و خطر اپنے عقیدوں پر عمل کے مستحق ہیں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور ابھی کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب نے دہشت گرد حملوں کے خلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس واقعے پر پاکستان اور اس کے برادر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
کویت کی وزارت خارجہ کے بیان میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ ’کویت بے گناہ لوگوں کے خلاف تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے۔‘

شیئر: