Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عون چوہدری کی نواز شریف سے ملاقات، ’سیاست بعد میں اور ذاتی تعلقات پہلے‘

عون چوہدری نواز شریف سے مصافحہ کرنے کے بعد گلے ملتے ہیں اور پھر دونوں کے مابین کچھ دیر گفتگو ہوتی ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے سنیچر کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا استقبال کیا اور ان سے ملاقات کی جس کے بعد انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
 استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مطابق عون چوہدری کی نواز شریف سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہونے والی ملاقات کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔
اس معاملے پر عون چوہدری سے تحریری وضاحت طلب کی گئی جس کی انہوں نے وضاحت پیش کی۔
انہوں نے شوکاز نوٹس کے جواب میں مؤقف پیش کیا کہ ’نواز شریف کے استقبال کے لیے ذاتی حیثیت میں گیا تھا، میں سابق وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ کا حصہ رہا ہوں۔‘
وضاحت میں انہوں نے مزید کہا کہ ’سیاست بعد میں انسانی اور ذاتی تعلقات پہلے ہیں، قائد ن لیگ سے ذاتی تعلقات بہت پُرانے ہیں۔‘
ترجمان استحکام پاکستان پارٹی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اُردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عون چوہدری نے جو وضاحت دی ہے وہ کافی ہے۔‘
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سنیچر 21 اکتوبر کو چار سال بعد دبئی سے غیرملکی ایئرلائن کی خصوصی چارٹرڈ فلائٹ ایف زیڈ 4525 کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔
سینیٹر اسحاق ڈار اور دیگر لیگی رہنماؤں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا تاہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کو بھی نواز شریف کے ساتھ ماسک پہنے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عون چوہدری نواز شریف سے مصافحہ کرنے کے بعد گلے ملتے ہیں اور پھر دونوں کے مابین کچھ دیر گفتگو ہوتی ہے۔

شیئر: