Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ایسا تاثر نہ دیں کہ انہیں ایک جماعت کے ترجمان کے طور پر دیکھیں: وزیر اطلاعات

صدر علوی نے نگراں وزیراعظم کو پی ٹی آئی کے خدشات دوُر کرنے کے لیے خط لکھا تھا (فائل فوٹو: اے پی پی)
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ ’پوری قوم کی خواہش ہے کہ صدر مملکت عارف علوی وفاق کی علامت کے طور اپنے فرائض سرانجام دیں اور ایسا تاثر نہ دیں جس سے لوگ انہیں ایک جماعت کے ترجمان کے طور پر دیکھیں۔‘
جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے صدر کی جانب سے نگراں وزیراعظم کو لکھے گئے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بدقسمتی سے جیسے جیسے ہم انتخابات کے قریب جا رہے ہیں صدر مملکت کے بیانات ان کے آئینی کردار سے متصادم نظر آرہے ہیں۔‘
’الیکشن کمیشن انتہائی تندہی اور ذمہ داری کے ساتھ الیکشن کی طرف گامزن ہے۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوچکا ہے اور تمام جماعتوں کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہے۔‘
ان کے مطابق ’ایسے میں صدر مملکت کی طرف سے برابر مواقع فراہم نہ کرنے کی شکایت بہت افسوسناک ہے۔انہیں اچھی طرح سے معلوم ہے کہ آج لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کرنے والے لوگ ہی پچ اکھاڑ کر کے اور وکٹیں لے کر میدان سے بھاگے تھے۔‘
ہم امید کرتے ہیں کہ صدر مملکت الیکشن کمیشن کے آئینی ادارے کو اپنا کام کرنے دیں گے اور ایک سیاسی جماعت کا کارکن بننے کے بجائے پورے ملک کے صدر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے جو کہ ان کا آئینی فریضہ ہے۔‘
الیکشن کمیشن کی بھی صدر مملکت پر تنقید
الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کی گئی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ’ایک اعلٰی عہدے دار کی طرف سے آنے والے عام انتخابات کی شفافیت کو مشکوک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔‘
جمعہ کو ایکس (ٹوئٹر) پر ترجمان الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ’اعلٰی عہدے دار کا یہ طرزِ عمل مناسب نہیں ہے۔‘
 ’الیکشن کمیشن پُرعزم ہے کہ آئندہ عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا۔‘

شیئر: