Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا بیان، ’ہم ٹیم نہیں، ہم فیملی ہیں‘

پی سی بی نے ٹیسٹ ٹیم کے لیے شان مسعود کو کپتانی دی جبکہ ٹی20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنایا (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم ایک ٹیم نہیں ہے بلکہ فیملی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں پاکستانی ٹیم کو دوبارہ عروج پر پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں اپنی قومی ٹی20 کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور مداحوں کا مجھ پر اعتماد کرنے کا شکریہ۔ میں اپنی ٹیم کے جذبے کو بلند کرنے اور کرکٹ کے میدان میں اپنی قوم کے عروج کو واپس لانے کی پوری کوشش کروں گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری کامیابی اتحاد اور انتھک محنت میں ہے۔ ہم ٹیم نہیں ہیں، ہم ایک فیملی ہیں۔ متحد ہو کر ہم ابھرتے ہیں۔ ہیش ٹیگ پاکستان زندہ باد۔‘
 
خیال رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ ٹیم کے لیے شان مسعود کو کپتانی دی جبکہ ٹی20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنایا۔
یہاں واضح رہے کہ ون ڈے ٹیم کے کپتان کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔
شاہین شاہ آفریدی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں فرنچائز لاہور قلندرز کی کپتانی کرتے ہیں اور اُن کی قیادت میں لاہور قلندرز لگاتار دو مرتبہ پی ایس ایل چیمپیئن بن چکی ہے۔
دوسری جانب شان مسعود کا کپتان بننے کے بعد پہلا امتحان آسٹریلیا کا ٹور ہوگا جہاں پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 26 دسمبر کو میلبرن اور تیسرا میچ 3 جنوری سے سڈنی میں ہوگا۔

شیئر: