Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معاون خصوصی جواد سہراب کا سعودی ٹیکنیکل ٹریننگ کارپوریشن کا دورہ، ڈپٹی گورنر سے ملاقات

معاون خصوصی جواد سہراب نے سعودی ڈپٹی گورنر برائے ٹی وی ٹی سی سے ملاقات کی۔ فوٹو: وزارت
وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد نے سعودی عرب کی ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن (ٹی وی ٹی سی) کا دورہ کیا۔
اتوار کو وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر احمد فاروق، بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل اکرم خواجہ، جوائنٹ سیکرٹری امیگریشن اورنگزیب اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بھی وفد میں شامل تھے۔
سعودی وفد کی نمائندگی ڈپٹی گورنر، انجینئرعبدالرحمن المروانی نے کی۔
ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآپریشن، انجینئر سلطان السنایا، ڈپٹی گورنر آفس برائے تربیت اور معیار کی پالیسیوں کے سپروائزر، ڈاکٹر خالد العثمان، اور بین الاقوامی تعاون کے ماہر برائے بین الاقوامی تعاون، خالد الشہری اور ٹی وی ٹی سی کے ڈپٹی گورنر نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا اور ان کے دورے کی تعریف کی۔
ٹی وی ٹی سی کی ٹیم نے پاکستانی وفد کو ادارے کے کام کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی-
معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے سعودی شہریوں کی مہارت کی ترقی میں ٹی وی ٹی سی کے کردار کو سراہا۔ دونوں فریقین نے کارکنوں کے لیے مہارتوں میں بہتری کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت کے مطابق ٹی وی ٹی سی اور پاکستان کے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) جلد ہی اس سلسلے میں ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے پاکستانی وفد کا ٹی وی ٹی سی کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہنر مندی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت قدم تھا۔ دونوں فریق سعودی عرب میں پاکستانی کارکنوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

شیئر: