Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کی ’بڑی ٹریڈ‘، نسیم شاہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل

اس ٹریڈ کے بعد اگلے برس اب محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد اسلام آباد یونائیٹڈ کی بجائے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے (فوٹو:پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ٹیموں کے درمیان ٹریڈ کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت اگلے برس کے ایڈیشن کے حوالے سے ایک اہم ترین تبادلہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پی ایس ایل کے اس بڑے ٹریڈ کے تحت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپرسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ اب ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر کے بدلے اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔
اس ٹریڈ کے بعد اگلے برس اب محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد اسلام آباد یونائیٹڈ کی بجائے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔
اسی طرح نسیم شاہ اب پی ایس ایل 9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ’ریڈ آرمی‘ کا حصہ بن گئے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اس بڑے ٹریڈ کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلاٹینم راؤںڈ کی پہلی پِک بھی مل گئی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلاٹینم کیٹیگری کی تیسری پِک مل گئی ہے۔
 
دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر دونوں ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔
نسیم شاہ اپنی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ ’اگلی منزل اسلام آباد ہے۔‘
 
اس پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے لکھا کہ ’اس کا تھا انتظار، ہیش ٹیگ نسیم دی ڈریم۔‘
 
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی دوسری ٹویٹ میں لکھا کہ ’اِسلو فیملی میں نسیم شاہ آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
 
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مسٹری سپنر ابرار احمد اور بولنگ آل راؤںڈر وسیم جونیئر نے گلیڈی ایٹرز فیملی جوائن کر لی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے تیز رفتار سنسنی خیز بولر نسیم شاہ کو رخصت کرتا ہے کیونکہ وہ اب اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔
 
واضح رہے اس سے قبل پی ایس ایل کی ایک اور بڑی ٹریڈ دیکھنے میں آئی تھی جب کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اپنی فرنچائز کو چھوڑ کر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے تھے جبکہ اُن کے تبادلے میں حسن علی یونائیٹڈ کو چھوڑ کر کراچی کنگز کا حصہ بن گئے تھے۔
اس کے بعد ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز درمیان بھی تبادلہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد ملتان سلطانز کے رائلی رُوسو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے افتخار احمد کے بدلے گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے۔
خیال رہے پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن ابھی تک کی غیر حتمی اطلاعات کے مطابق اگلے برس 8 فروری سے 24 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا۔

شیئر: