سپاٹیفائی نے رواں برس اس سے قبل جنوری میں 600 جبکہ جون میں 200 ملازمین کو نوکریوں سے نکالا تھا (فوٹو: روئٹرز)
معروف آن لائن میوزک سٹریمنگ پلیٹ فارم ’سپاٹیفائی‘ نے اپنے 1500 ملازمین کو نوکری سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سپاٹیفائی نے پیر کے روز بیان جاری کیا ہے کہ کمپنی اپنے اخراجات کو کم کرنے کے لیے لگ بھگ 1500 یا 17 فیصد کے قریب ملازمین کو نوکری سے نکال رہی ہے۔
ملازمین کو لکھے گئے لیٹر میں سپاٹیفائی کے سی ای او ڈینیئل اِک نے کہا ہے کہ کمپنی نے 2020 اور 2021 میں زیادہ ملازمتیں دیں کیونکہ اُس وقت کمپنی کے پاس زیادہ سرمایہ موجود تھا۔
ڈینیئل اِک کہتے ہیں کہ کمپنی کو اب اپنے اخراجات کم کرنے ہیں۔
سپاٹیفائی ملازمین کو ملازمتوں سے نکالنے کے باعث رواں برس کی چوتھی سہ ماہی میں 13 کروڑ سے 14 کروڑ یورو کا نقصان اٹھائے گی۔
سپاٹیفائی نے اپنے پلیٹ فارم پر پوڈکاسٹ کے کاروبار کو بڑھانے کے لیے اربوں ڈالر لگائے جس کے تحت انہوں نے پوڈکاسٹس کے لیے کِم کاردیشین، شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی خدمات حاصل کیں۔
صرف یہ ہی نہیں، سپاٹیفائی نے دنیا بھر میں مارکیٹ بنانے کے لیے اپنی تشہیر کی جس کا مقصد 2030 تک پلیٹ فارم پر ایک ارب صارفین کو لانا ہے۔
سال کی تیسری چوتھائی میں کمپنی کو سٹریمنگ سروس کی فِیس بڑھانے اور دنیا بھر میں سبسکرائبرز کے بڑھنے پر منافع ہوا جس کے بعد کمپنی نے اکتوبر سے دسمبر تک 60 کروڑ تک سبسکرائبر ہونے کی پیش گوئی کی۔
ڈینیئل اِک نے روئٹرز کو بتایا کہ ملازمین کو کمپنی سے نکالنے کے بعد منافعے میں اضافہ ہوگا اور کمپنی کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
دوسری جانب سپاٹیفائی نے اپنے ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کے فیصلے کے بارے میں آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے۔
سپاٹیفائی سے فارغ ہونے والے ملازمین کو پانچ ماہ کی سیویرنس پے، ویکیشن پے اور ہیلتھ کیئر کوریج دی جائے گی۔
خیال رہے سپاٹیفائی نے رواں برس اس سے قبل جنوری میں 600 جبکہ جون میں 200 ملازمین کو نوکریوں سے نکالا تھا۔