دولت ہتھیانے کے لیے شوہر کا قتل، سعودی خاتون کو سزائے موت
ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کا حکم جاری کیا تھا (فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب میں ریاض ریجن کے حکام نے شوہر کو قتل کرنے کے جرم میں سعودی خاتون کو عدالت کے حکم پر سزائے موت دی ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے پیر کو بیان میں کہا کہ’ سعودی خاتون ھدی بنت الحمیدی المطیری نے اپنے شوہر حسن بن عایش المطیری کو چھری کے وار کرکے ہلاک کردیا تھا اور اس کی دولت ہتھیا لی تھی‘۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے ’پولیس نے خاتون کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کی جس پر اس نے اقبال جرم کرلیا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’عدالت نے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنائی تھی جس کی توثیق پہلے اپیل کورٹ اور اس کے بعد سپریم کورٹ نے کی‘۔
ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کا حکم جاری کیا تھا جسے پیرکو ریاض میں نافذ کردیا گیا۔