Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کے ساتھ جھڑپیں، اسرائیل کے تفریحی مقام نہاریہ کے رہائشی خوفزدہ

رہائشیوں کو خدشہ ہے علاقے میں لبنان کی سرحد کے ساتھ وسیع تنازع ابھرے گا۔ فوٹو اے ایف پی
لبنان کی سرحد سے منسلک اسرائیلی ساحلی شہر نہاریہ کے رہائشی ڈینیئل بسیڈن صدمے سے دوچار ہیں کیونکہ حالیہ راکٹ حملے میں ان کے دوست کے والد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بحیرہ روم کے ریزورٹ کی یوکلپٹس کے درختوں سے سجی مرکزی سڑک پر اپنے والد کی پیسٹری کی دکان پر کام کرنے والے 26 سالہ ڈینیئل بسیڈن کا کہنا ہے کہ ’میں حملے سے خوفزدہ ہوں۔‘
نوجوان بسیڈن نے بتایا ہے کہ ان کے دوست کے والد اس وقت نشاہ بنے جب وہ اپنے کھیت میں کام کر رہے تھے اور ایک راکٹ ان کے قریب آ کر گرا۔
نہاریہ کے ساحلی علاقے میں امن کے دنوں میں اکثر سیاح شہر کی خوشگوار آب و ہوا اور سرفنگ سے لطف اندوز ہونے کے لیے اس ساحل کا رخ کرتے ہیں۔
علاقے کے رہائشی گذشتہ دو ماہ سے اسرائیلی فوج اور لبنانی تنظیم حزب اللہ کے درمیان تقریباً روزانہ فائرنگ کے تبادلے کے خطرات سے دوچار ہیں۔
ایران کے حمایت یافتہ گروپ کا کہنا ہے کہ وہ اکتوبر کے دوران اسی روز حماس کی حمایت میں اس جنگ میں شریک ہوا جس دن فلسطینی گروپ نے اسرائیلی علاقے پر حملہ کیا تھا۔
اسرائیلی حکام کے مطابق اس حملے میں تقریباً 12 سو افراد ہلاک ہوئے جن میں عام شہری بھی شامل تھے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ایک بڑا فوجی آپریشن شروع کیا گیا جس کے حوالے سے حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 14 ہزار چار سو 90 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں اور حملوں کے باعث فلسطینی سرزمین کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔

 نہاریہ میں رہنے والے بدترین حالات کی تیاری کر رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

شمالی اسرائیل میں نہاریہ کے علاقے سے کچھ فاصلے پر ایک پہاڑی کے قریب رہائشیوں کو خدشہ ہے کہ اس علاقے میں لبنان کی سرحد کے ساتھ شدید لڑائی کے خدشات ہیں۔
اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک لبنان کی سرحد کے قریب 120 سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں زیادہ تر حزب اللہ کے جنگجو اور ایک درجن سے زیادہ عام شہری ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ نہاریہ میں اس کے چھ فوجی اور چار اسرائیلی شہری مارے گئے ہیں اور منگل کو ہونے والے حملے میں لبنان کا فوجی ہلاک ہوا۔

خدشہ ہے کہ حزب اللہ کے جنگجو دراندازی کر سکتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے حزب اللہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے جنگ کا آغازکیا تو بیروت اور جنوبی لبنان کا بھی غزہ اور خان یونس جیسا حشر کریں گے۔
نہاریہ کے ساحل کے قریبی علاقوں میں کاروبار میں کمی آئی ہے اور بہت سے بندوق بردار نظر آ رہے ہیں۔
نہاریہ کی رہائشی 44 سالہ ناتھالی بیٹیٹو کا خیال ہے کہ حزب اللہ کے جنگجو سرحد سے دراندازی کر سکتے ہیں تاہم انہوں نے رواں ہفتے مرکزی عبادت گاہ میں تقریباً 100 افراد کے ساتھ  یہودی تہوار منایا۔

لبنانی سرحد پر 120 سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

ناتھالی اور ان کے شوہر 47 سالہ ایری پانچ سال قبل فرانس سے ہجرت کرکے نہاریہ کے علاقے میں قیام پذیر ہوئے اور ٹاؤن ہال میں نئے آنے والوں کی مدد کرتے ہیں۔
علاقے کے رہائشی 60 سالہ ایفی دیان کا کہنا ہے کہ ’نہاریہ میں رہنے والے بدترین حالات کی تیاری کر رہے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ یہاں جنگ ہونے والی ہے۔‘

شیئر: