Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قیدی نمبر 804‘ گانے پر گلوکار ملکو کی ’گرفتاری‘، معاملہ کیا ہے؟

ملکو نے کہا کہ ’اگر مجھے گرفتار کیا جاتا تو حوالات میں میری تصویر آتی۔‘ (فوٹو: ملکو انسٹاگرام)
سرگودھا میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے 7 تا 13 دسمبر تک لوک میلے کا اہتمام کیا تھا جس میں پنجابی لوک گلوکار محمد اشرف ملک المعروف ملکو نے بھی شرکت کی۔
ملکو نے لوک میلے میں مختلف گانے گائے، لیکن اس دوران انہوں نے عمران خان کے لیے لکھا گانا ’قیدی نمبر 804‘ بھی گایا۔ گانا گانے کے بعد ملکو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹرینڈ بھی کرتے رہے، تاہم آج ان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبر گردش کر رہی تھی کہ انہیں پولیس نے مذکورہ گانا گانے کی وجہ سے گرفتار کر لیا ہے۔
ان کی گرفتاری کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی پھیلائی جا رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس ملکو کو بھیڑ میں سے نکالتے ہوئے سٹیج سے اتار کر باہر لے جا رہی ہے۔
لوک پنجابی گائیک ملکو  نے اردو نیوز کو گرفتاری کی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
 ان کا کہنا تھا کہ ’سرگودھا لوک میلے میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میں نے قیدی نمبر 804 گانا بھی گایا لیکن بہت زیادہ بھیڑ کی وجہ سے افراتفری پھیل گئی۔ اس لیے ہم نے وہاں موجود پولیس کی خدمات حاصل کیں۔
 انہوں نے بتایا کہ پولیس پہلے سے لوک میلے کی سکیورٹی کے لیے وہاں موجود تھی۔
’میں سرگودھا سے ہوں اور جب میں نے اُن کی بولی میں گانا گایا تو لوگوں نے اس قدر سراہا کہ وہاں پاؤں رکھنے کی جگہ نہ تھی۔ نہ سیڑھیوں سے اُترا جا رہا تھا اور نہ ہی چڑھا جا رہا تھا۔ لوگ سٹیج پر آنے کی کوشش کر رہے تھے۔‘
ان کے مطابق تقریب کے اختتام پر انہوں نے سکیورٹی بلائی تاکہ انہیں بحفاظت وہاں سے نکالا جائے۔
 ’اس لیے پولیس نے پروٹوکول میں مجھے سٹیج سے اتار کر گاڑی تک پہنچایا تاکہ کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔ پولیس ہمیں جلوس میں سے نکال رہی تھی تو وہیں پر کسی نے ویڈیو بنا کر شرارتاً سوشل میڈیا پر پراپیگنڈہ شروع کر دیا۔‘
ملکو نے بتایا کہ انہیں گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان سے کسی نے مذکورہ گانے کے بارے میں پوچھ گچھ کی ہے۔ ’اگر مجھے گرفتار کیا جاتا تو حوالات میں میری تصویر آتی، جب کسی کو گرفتار کیا جاتا ہے تو ہتھکڑی لگ جاتی ہے اور ڈالےمیں بٹھا کر لے جایا جاتا ہے۔ لیکن مجھے تو پولیس نے میری ہی گاڑی تک پہنچا کر اپنا فریضہ ادا کیا ہے۔‘
لوک میلے کی میوزیکل سٹیج پرفارمنس میں معروف لوک فنکار مشتاق احمد چھینہ، ندیم عباس لونے والا اور دیگر گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر فائر ڈانس اور میجک شو سمیت مختلف سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔

شیئر: