Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: انٹرنیٹ سست روی کا شکار، سوشل میڈیا پلیٹ فارم بھی متاثر

شہری وی پی این سروس کے سہارے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے استعمال پر مجبور ہیں (فوٹو: فری پِک)
اتوار کی شام پاکستان میں اچانک سے انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار ہوگئی ہے جس کے باعث سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کو رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) سمیت یوٹیوب، فیس بک اور ٹک ٹاک سست روی کا شکار ہیں جس کے باعث شہریوں کو اِن پلیٹ فارمز تک رسائی میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔
صرف یہ ہی نہیں ملک بھر میں اتوار کی شب سست روی کے باعث انٹرنیٹ براؤزگ کرنے پر بھی صارفین کو مسائل کا سامنا ہے جس کے باعث شہری وی پی این سروس کے سہارے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے استعمال پر مجبور ہیں۔
انٹرنیٹ سروس پر نگاہ رکھنے والے ادارے نیٹ بلاکس کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروسز تعطل کا شکار ہے۔
نیٹ بلاکس کے مطابق ’لائیو میٹرکس میں نظر آرہا ہے کہ پاکستان میں ملکی سطح پر سوشل میڈیا کی سروس متاثر ہے جس میں ایکس (ٹوئٹر)، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب شامل ہیں۔‘
خیال رہے انٹرنیٹ سروس پی ٹی آئی کے پہلے ورچوئل جلسے سے کچھ دیر قبل متاثر ہوئی۔
اس حوالے سے ابھی تک پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور حکومت پاکستان کی جانب سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے۔
دوسری جانب سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر منعقد ہونے والے ’وِرچوئل جلسے’ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس ڈاؤن کی ہے۔
تاہم ابھی تک اس بات کی بھی تصدیق نہیں کی جا سکی ہے کہ آیا پاکستان بھر میں انٹرنیٹ سروس پی ٹی آئی کے وِرچوئل جلسے کو روکنے کے لیے ڈاؤن کی گئی ہے یا پھر کسی تکنیکی مسئلے کے باعث ایسا ہو رہا ہے۔

انٹرنیٹ سروس پی ٹی آئی کے پہلے ورچوئل جلسے سے کچھ دیر قبل متاثر ہوئی۔

اُدھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر پاکستان تحریک اںصاف کے حامی انٹرنیٹ کی سروس ڈاؤن ہونے پر تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
احتشام الحق نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’اتنا خوف اور ڈر کبھی نہیں دیکھا، ایک آن لائن جلسے کی وجہ سے پورے ملک کا انٹرنیٹ بند کیا۔ اب لوگ دودھ نہیں پیتے، وہ سب کچھ جانتے ہیں کہ یوٹیوب، ٹوئٹر اور انٹرنیٹ کیوں بند ہے۔‘
حمزہ خان نے اپنی ٹویٹ میں طنزہیہ انداز میں لکھا کہ ’پاکستان میں انٹرنیٹ کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عبوری ضمانت کے لیے اس وی پی این کو ڈاؤن لوڈ کریں۔‘
وقار ملک نے ایک تصویر شیئر کی جس میں شارک مچھلی زیر سمندر انٹرنیٹ کی تار کو کاٹ رہی ہوتی ہے۔ اس پر انہوں نے لکھا کہ ’تیزی سے زیر سمندر اںٹرنیٹ کی تار کی طرف بڑھتے دیکھا گیا ہے۔‘
مغیث علی نے تبصرہ کیا کہ ’انٹرنیٹ پر بھی دفعہ 144 لگ گئی۔‘

شیئر: